ہاشم آملا کے ایل بی ڈبلیو نے”تاریخ“ رقم کر دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 30, 2016 | 19:11 شام

پورٹ الزبتھ: (مانیٹرنگ ڈیسک) کرکٹ کی 140 سالہ تاریخ میں اب تک 2243 ٹیسٹ میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ اس مدت میں کئی بلے بازوں نے 10 ہزار رنز بنائے، کئی گیند بازوں نے 500 سے زائد وکٹیں حاصل کیں تاہم پورٹ الزبتھ میں جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک کھلاڑی ایسا بھی ہے جس نے ایک دلچسپ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ پورٹ الزبتھ میچ کے تیسرے روز کا کھیل جاری تھا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم اپنی دوسری اننگز کھیلنے کیلئے میدان میں اتری ہوئی تھی، کہ کھیل کے 51ویں اوو

ر میں سری لنکن باؤلر پردیپ اور ان کا سامنا کرنے والے بلے باز ہاشم آملا تاریخ کا حصہ بن گئے۔ پردیپ نے اس اوور کی چھٹی گیند مڈل اور لیگ سٹمپ کرائی۔ آملہ نے اس گیند کو مڈ وکٹ کی جانب کھیلنا چاہا تاہم گیند بلے کو لگنے کے بجائے ان کے پیڈ کو لگی، سری لنکن ٹیم نے اپیل کی اور ایمپائر نے ہاشم آملہ کو آؤٹ قرار دیدیا۔ یوں ہاشم آملہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 10 ہزارویں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 48 رنز بنائے تھے۔ تاہم ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے ایل بی ڈبلیو ہونے والے کھلاڑی کون تھے، آئیے آپ کو بتاتے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا پہلا میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 1876 میں کھیلا گیا تھا۔ اسی میچ میں انگلینڈ کے بلے باز ہیری جیوپ کو ایل بی ڈبلیو سے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا۔ 63 رنز پر ہیری کو آؤٹ کرنے والے آسٹریلوی باؤلر کا نام ٹام گیریٹ تھا۔ یہ تاریخی میچ آسٹریلیا نے 45 رنز سے جیت لیا تھا۔ پانچ روزہ کرکٹ میں آسٹریلیا میں سب سے کم کھلاڑی ایل بی ڈبلیو ہوئے ہیں۔