ن لیگی قیادت نے پہلی بار پی ٹی آئی کی قیادت کو غیور اور باکردار قراردیدیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 28, 2016 | 18:06 شام

 

اسلام آباد (مانیٹرنگ) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے جہانگیر ترین کیخلاف سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا، کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے غیور، باکردار کارکنان اپنی قیادت سے پوچھیں کہ جہانگیر ترین کا کک اور مالی لاکھوں روپے کے شیئرز کے مالک کیسے بنے، مسلم لیگ ن کا تلاشی کا مطالبہ شواہد اور حقائق کی بنیاد پر جبکہ پی ٹی آئی کا مطالبہ بے بنیاد الزامات پر مبنی ہے، عمران خان اور ان کے اردگرد کھڑے لوگ کرپٹ ہیں۔

 

 

 

وزیر مملکت و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر اور رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے پریس کانفرنس میں ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر رہنماؤں پر الزامات کی بارش کردی، کہتے ہیں عمران خان کے دست راست جہانگیر ترین کیخلاف ان سائیڈ ٹریڈنگ پر اعترافی بیان پر جرمانے کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے، پی ٹی آئی کے غیور، باکردا کارکنان اپنی قیادت سے پوچھیں کہ جہانگیر ترین کا کک اور مالی لاکھوں روپے کے شیئر کے مالک کیسے بنے، مسلم لیگ ن کا تلاشی کا مطالبہ شواہد اور حقائق کی بنیاد پر جبکہ پی ٹی آئی کا مطالبہ بے بنیاد الزامات پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی 33 سالہ زندگی مالی کرپشن ہے، ان کے اردگرد جو کھڑے ہوتے ہیں وہ بھی کرپٹ ہیں، پانامہ لیکس کیس میں پی ٹی آئی سپریم کورٹ سے تاریخ پر تاریخ لیکر کیس کو التواء کا شکار کر رہی ہے، اگر مڈل ایسٹ کی شخصیت کا بیان حلفی منظر عام پر لے آئے تو وہ منہ چھپاتے پھریں گے۔

وزیر مملکت و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے شواہد جمع کرانے کیلئے 15 نومبر کی تاریخ مقرر کی تھی اس تاریخ تک شواہد نہ ہونے پر پی ٹی آئی کی شرمندگی پوری قوم نے دیکھی ہے، شواہد نہ ہونے پر حامد علی خان نے کیس سے علیحدگی اختیار کی، پی ٹی آئی نے ہمیشہ قوم کے ساتھ جھوٹ بولا، عدالت کے اندر ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ہمارے پاس کچھ نہیں، میڈیا پر آتے ہیں تو واویلا کرنا شروع کردیتے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ اگر مڈل ایسٹ کی شخصیت کا بیان حلفی منظر عام پر لے آئے تو عمران خان منہ چھپاتے پھریں گے۔