ایک غلط سوال نے ڈھائی سو "فیل" امیدواروں کو ہیڈ ماسٹر بنا دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 16, 2016 | 13:46 شام

 

لاہور(ویب رپورٹ) ویب سائٹ تعلیمی زاویہ کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن نےہیڈ ماسٹروں اور ڈپٹی ہیڈ ماسٹروں کی بھرتیوں کے لیے تحریری امتحان اور انٹرویوز مکمل ہونے کے بعد اچانک ایک اور میرٹ لسٹ جاری کر دی ہے۔

کمیشن نے تحریری امتحان پاس کرنے کے بعد پہلے 633 اُمیدواروں کے نام فائنل کیے جن کے انٹرویوز بھی مکمل کر لیے گئے لیکن اب نئی جاری کردہ لسٹ میں 248 مزید اُمیدواروں کےنام بھی انٹرویوز کے لیے فائنل کر لیے گئے ہیں ۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن کی نئی لسٹ کےمطابق اب حتمی اُمیدواروں کی تعداد بڑھ گئی ہے جو اب 881 ہے۔ کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کےمطابق 248 اب اُمیدواروں کے انٹرویوز لیے جائیں گےجس کے لیے ان اُمیدواروں کو کال لیٹرز ارسال کیے جارہے ہیں۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے 10 ستمبر کو 125 ہیڈ ماسٹروں اور ڈپٹی ہیڈ ماسٹروں کی بھرتیوں کے لیے تحریری امتحان لیا تھا جس کے نتائج کے اعلان کی حتمی جوابی کاپی 27 ستمبر کو کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی تھی۔

کمیشن ان ہیڈ ماسٹروں کی سترہوویں گریڈ میں تعیناتیاں کر رہا ہے اور یہ تعیناتی پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق پانچ سال کے لیے کنٹریکٹ بنیادوں پر ہوگی۔

کمیشن نے 248 مزید اُمیدواروں کے انٹرویوز کرنے پراپنی وضاحت میں کہا ہے کہ تحریری امتحان میں سوال نمبر 4 میں غلطی کی نشاندہی کی گئی تھی جس کےنمبر کو تمام اُمیدواروں کے نمبروں سے نکال دیا گیا ہے۔ ان نمبرز کو نکالنے کے بعد نیا میرٹ بنایا گیا جس پر 248 مزید اُمیدوار انٹرویوز کے لیے اہل قرار پائے ہیں۔

کمیشن کے تحت اس ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے اُمیدوار نئی جاری کردہ میرٹ لسٹ کو کمیشن کی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔