دبئی میں پاکستانیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسپتال کی تعمیر شروع۔۔۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 28, 2016 | 18:35 شام

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) : متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری ایک غیر منافع بخش کثیر الجہت اسپتال تعمیر کرنے جارہی ہے جس کا مقصد وہاں رہنے والے پاکستانیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔اس منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 1اکروڑ 20 لاکھ درہم لگایا گیا ہے اور اس کی تعمیر کے لیے ایک ایونٹ منعقد کیا گیا جس کا’ ایک شام پاکستان کے نام ‘ رکھا گیا ۔اس شو کی میزبانی معروف ادیب اور ٹی وی آرٹسٹ انور مقصود نے کی۔شو میں پاکستانی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ’اون اے برک‘ کے عنوان سے اسپتال کی تعمیر میں تعاون کیا۔ایونٹ میں اسپتال کے لیے ایک اینٹ کی قیمت ایک ہزار درہم رکھی گئی تھی اور انور مقصود کی ہر دلعزیز شخصیت کے تحریک دلانے پر شو کی انتظامیہ تین لاکھ اینٹیں فروخت کرنے میں کامیاب رہی۔

اسپتال کی تعمیر میں تعاون کرنے والے پاکستانیوں کو پاکستان ایسوسی ایشن کی ممبر شپ بھی دی جائے گی۔پاکستان سنیٹر کے نام سے تعمیر کیا جانے والایہ دو منزلہ اسپتال ایسو سی ایشن کے ممبران کو مہنگے علاج معالجے کی سہولت انتہائی مناسب داموں فراہم کرے گا اور ان پاکستانیوں کے کام بھی آئے گا جو کہ دبئی جیسے ملک میں مہنگا علاج نہیں کراسکتے۔پاکستا ن ایسوسی ایشن دبئی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیصل اکرا م کا کہنا ہے کہ یہ ایک تاریخی پراجیکٹ اور تمام گلف ممالک میں غیرملکیوں کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستانی برادری کا شکریہ ادا کیاجو اس عظیم مقصد کے لیے آگے آئی۔تقریب میں انور مقصود کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی برادری نے ہمیشہ وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے اور اس میڈیکل کمپلکس کی تعمیر میں ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔