بڑے مقابلے کا بڑا نتیجہ : ہواوے نے سام سنگ کو شکست سے دوچار کر دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 07, 2017 | 11:36 صبح

سیول (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی معروف چینی کمپنی ہواوے نے اپنی حریف جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کے خلاف پیٹنٹ کی جنگ جیت لی ہے۔

کوان زو میں ایک چینی عدالت نے سام سنگ کو حکم دیا ہے کہ وہ ہواوے کو اس کی سمارٹ فون ٹیکنالوجی کو بنا اجازت کے استعمال کرنے پر ایک کروڑ 16 لاکھ ڈالر ادا کرے۔واضح رہے کہ یہ دونوں کمپنیاں ایک دوسرے پر دیگر عدالتوں میں بھی مقدمات دائر کر چکی ہیں جو ابھی زیرسماعت ہیں۔تاہم ہواوے کی جیت کی خوشی اس وقت پھیکی پڑ گئی جب برطانیہ میں اس کی مصنوعات کی فروخت پر پابندی کی خبر سامنے آئی۔چینی کمپنی ہواوے نے گذشتہ سال مئی میں اپنی حریف کمپنی سام سنگ پر اپنے پیٹنٹ کی خلاف ورزی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا تھا۔ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے اس وقت کہا تھا کہ وہ جنوبی کوریا کی اپنی حریف کمپنی کو کیلیفورنیا اور شن زن کی دو عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ہواوے نے الزام عائد کیا تھا کہ سام سنگ اپنے فونز اور ٹیبلیٹس کے تقریباً 20 ماڈلزمیں اس کی ٹیکنالوجی کا بنا اجازت استعمال کر رہا ہے۔دوسری جانب سام سنگ نے گذشتہ جولائی میں ہواوے پر بھی مبینہ پیٹنٹ چوری کے چھ مقدمات کیے تھے اور اس کا کہنا تھا کہ ’اس نے اس سارے مسلے کو دوستانہ طور پر ختم کرنے کی کوشش کی تھی۔اس ضمن میں ہواوے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’اس کیس میں ہواوے عدالتی فیصلے کو تسلیم کرتی ہے۔کمپنیوں کے درمیان پیٹنٹ کی لڑائی کوئی نئی بات نہیں اور ابھی اوریکل اور گوگل امریکہ کی ایک عدالت سے اسی طرح کے ایک مقدمے کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔تاہم ایپل اور سام سنگ کی سنہ 2011 کی جنگ کے بعد سے اس طرح کے واقعے میں کمی آئی تھی کیونکہ دونوں کمپنیوں کو اپنے کام کے خفیہ طریقوں کو ظاہر کرنا پڑا تھا۔