اداکار ماڈل کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور فحش تصاویر بھیجنے پر اعجاز خان گرفتار

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 21, 2016 | 21:38 شام

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک): پولیس نے بالی ووڈ اداکار اعجاز خان کو  واٹس ایپ پر ماڈل گرل ایشوریا چوبے کو فحش تصاویر اور پیغامات بھیجنے پر گرفتار کرلیا۔اعجاز خان  اپنے متنازعہ بیانات  اور نازیبا حرکتوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں  اورخبروں کی زینت  بننے کے لیے کسی بھی اداکار پر تنقید کرنے سے بھی نہیں کتراتے یہی وجہ ہے  کہ متعدد باربالی ووڈ میں کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کے خلاف بھی زہر اگل چکے ہیں  جب کہ ان کی کئی اداکاراؤں کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوچکی ہے لیکن اب ماڈل گرل کے ساتھ کی گئی حرکت انہیں مہنگی پڑگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  گزشتہ دنوں ماڈل گرل ایشوریا چوبے نے  ممبئی  کے ورسوا پولیس اسٹیشن میں  اعجاز خان کے خلاف مقدمہ درج کرانے  کے لیے درخواست دائر کی جس کے مطابق اعجاز خان نے نہ صرف واٹس ایپ پر متعدد بار منع کرنے کے باوجود فحش تصاویر اور پیغامات بھیجے بلکہ ہوٹل میں اکیلے ملاقات کے لیے دباؤ بھی ڈالا۔اداکارہ کی درخواست پر پولیس نے تحقیقات کے بعد اعجاز خان کے خلاف ماڈل کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور فحش تصاویر بھیجنے کا مقدمہ درج کرکے گرفتارکرلیا ہے۔ دوسری  جانب اعجاز خان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اسے سازش قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ اداکار اعجاز خان نے مشہور رئیلٹی شو’’بگ باس‘‘میں متنازعہ حرکتوں سے شہرت حاصل کی تھی۔