اڑیلو کٹے نہیں بلائیں گے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 18, 2017 | 04:21 صبح

اسلام آباد (مانیٹرنگ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سپر لیگ کے فائنل کی تقسیم انعامات کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران بعض کارکنوں نے عمران تک پہنچنے کی کوشش کی۔ سکیورٹی پر مامور عملے نے کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا‘ کارکنوں اور سکیورٹی کے عملے میں تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم باہر سے کوالٹی کے کھلاڑی بلائیں گے۔ ریلوکٹوں کو نہیں بلائیں گے۔ علاقائی کرکٹ کا نظام لے کر آئیں گے۔ اب تک خیبر پی کے میں سپورٹس کے 70گراؤنڈ بنا چکے ہیں۔ اگلی پاکستان سپرلیگ تحریک انصاف کی حکومت میں ہو گی۔ پی سی بی کو ادارہ بنائیں گے۔ ہم پوری پی ایس ایل پاکستان میں کرائیں گے۔ آئندہ پی ایس ایل کا انعقاد دبئی نہیں پاکستان میں ہو گا۔ علاوہ ازیں عمران خان نے کہا ہے کہ ناصر درانی ریٹائر ہوگئے لیکن ان کی ریٹائرمنٹ اور ان کو جدا ہوتے دیکھ کر دل افسردہ ہے۔ انہوں نے سبکدوش خیبر پی کے کے آئی جی ناصر درانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پی کے پولیس کو پروفیشنل فورس بنانے میں ناصر درانی نے انتھک محنت کی۔ خیبر پی کے پولیس ہمارا فخر ہے، ایسی فورس بنانے پر ناصر درانی کے شکرگزار ہیں۔ ناصر درانی نے ثابت کیا ہے کہ ’’ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی‘‘۔ قابل افسران کو موزوں ماحول فراہم کیا جائے تو وہ عالمی معیار کا ادارہ دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا حکمران قابلیت کی جگہ ذاتی وفاداری کو معیار بنا کر ریاستی ادارے تباہ کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے شریف برادران پنجاب میں اداروں کو پیشہ ورانہ خطوط پراستوارکرنے میں ناکام رہے ہیں۔ عمران خان نے چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کو پھٹیچر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگلی پاکستان سپر لیگ پھٹیچر نجم سیٹھی سے اچھی کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیل میں سفارشی نظام کو ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اللہ نے بہت ٹیلنٹ دیا ہے جس کے لئے کرکٹ کی بہتری اور نظام کو ٹھیک کرنا ہے، پی سی بی کو ادارہ بنانا ہے اور سسٹم کو درست کرنے کے بعد انشاء اللہ سپورٹس کو اوپر لے کر جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپی کے میں کھیلوں کے 70 گرائونڈ بنادیئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آنے کے بعد علاقائی کرکٹ کا نظام لے کر آئیں گے جس میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے گا جبکہ ایسی ٹیم بنائیں گے جو ملک کیلئے ایک بار پھر سے ورلڈ کپ جیت کر لائے گی۔