عمران خان نے نئے مطالبات میں پرانی شق شامل کردی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 19, 2016 | 15:39 شام
ملتان (مانیٹرنگ) عمران خان نے اپنے نئے مطالبات میں ایک پرانی شق شامل کرکے اپنی مچائی ہوئی تھر تھلی میں اضافہ کردیا۔ملتان میں کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا،نواز شریف حساب دو، تلاشی دو یا استعفیٰ دو، اب فیصلہ اسلام آباد میں ہوگا۔ کپتان نے تمام رکاوٹیں توڑنے کی بھی دھمکی دے دی۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی مخالفت کی افواہوں کی بھی سختی سے تردید کردی۔حالیہ دنوں عمران نے استعفے کا مطالبہ معطل کیا ہواتھا۔ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ 2 نومبر کو پورا پاکستان اسلام آباد کی طرف دیکھ رہا ہوگا، نواز شریف! حساب دو، تلاشی دو یا استعفیٰ دو، ن لیگ والے افواہیں پھیلارہے ہیں، یہ لوگ احتساب سے ڈرتے ہیں، نواز شریف غیر جمہوری کام کررہے ہیں، جمہوری ملک میں بادشاہت قائم کی ہوئی ہے، اب فیصلہ اسلام آباد میں ہوگا۔ پر امن احتجاج سے کسی نے روکا تو رکاوٹیں ہٹاکر اسلام آباد پہنچیں گے، اس بار دھرنے کیلئے ہماری پوری تیاری ہے۔اس سے قبل اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سمیت کوئی بھی سیاسی جماعت چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مخالفت کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی، منصوبے سے ناصرف پاکستان بلکہ خطہ میں اقتصادی مواقع پیدا ہوں گے۔