عمران خان نے الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معافی مانگ لی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع جنوری 16, 2017 | 19:09 شام
الیکشن کمیشن میں سماعت کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف کے وکیل پر برہم ہوگئے اور کہا کہ 2 سال سے کیس التواء کا شکار ہے تاہم ہم کس سے تعصب کر رہے ہیں، کیا آپ ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہے ہیں، اس سے زیادہ کیا بدتمیزی ہو سکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے تحریک انصاف کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم اس پر لعنت بھیجتے ہیں لیکن خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے ساتھ سیاست سیاست نہ کھیلیں۔ ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مذاق ہے، جس کی مرضی آتی ہے یہاں بولنا شروع کر دیتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے برہم ہونے پر تحریک انصاف کے وکلا نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم 9 جنوری کو جمع کرایا گیا اپنا جواب واپس لیتے ہیں تاہم الیکشن کمیشن نے تحریری معافی نامہ جمع کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے وکلا نے تحریری معافی نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرادیا ہے جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ معافی نامے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نظرثانی درخواست میں پیش کیا گیا بیان واپس لیتی ہے۔