عمران خان نا اہلی کیس: جمائمہ کے بیانات نے کپتان کو بڑی مشکل میں ڈال دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 23, 2017 | 06:21 صبح

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے بھجوائے گئے ریفرنس کا فیصلہ 16مارچ کو سنائے گا۔

الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردارمحمد رضا کی صدارت میں 5 رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف مسلم لیگ(ن) کے رکن طلال چوہدری اور دیگر کے نااہلی کے سپیکرکی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس ٗ جہانگیر ترین کے خلاف مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں محمد خان ڈاہا اوردیگر کے ریفرنس کی سماعت ہوئی

اس دوران مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کے وکیل اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ اراضی پر عمران خان اور جمائما کے تین مختلف بیانات سامنے آئے ہیں،2014 اور2015ء کے گوشواروں میں کہا گیا کہ بنی گالہ اراضی انہیں بطور تحفہ ملی ، اراضی کو بیانات میں کہیں تحفہ ، کہیں خریداری اورکہیں بے نامی ظاہر کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے ان سے دریافت کیا کہ وہ مزید کتنا وقت لیں گے، ہم پورا کیس سن چکے ہیں۔ بعد ازاں بینچ نے اس کیس کا فیصلہ 16مارچ کو سنانے کا اعلان کیا ٗ ان دونوں کے خلاف دائر نئی درخواستوں پر دلائل کیلئے 8 مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے۔