چیرمین نیب کے ساتھ ساتھ وزیراعظم تبدیل ہونے کی ضرورت ہے‘ عمران خان نے نواز شریف کی اصلیت بتا دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 13, 2017 | 08:10 صبح

 

اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے خود کہا تھا کہ ان کے پاس پاناما کیس سے تمام ثبوت موجود ہیں، جبکہ عدالت میں معلوم ہوا کہ ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں۔ وزیراعظم تکنیکی بنیادوں پر عدالت سے بھاگ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے بیٹے کہتے تھے کہ ہمیں عدالت میں لے کر جائیں، جبکہ آج وزیراعظم کا وکیل کہتا ہے کہ

عدالت کیس سن ہی نہیں سکتی۔ دلائل سے لگتا ہے کہ ملک میں صادق و امین ڈھونڈنا مشکل ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کلنٹن جھوٹ بولنے پر مستعفی ہوئے، جبکہ وزیراعظم کو معلوم ہی نہیں کہ بچے ارب پتی بن گئے اور مریم نواز کے بینیفشری مالک ہونے کی کوئی بات ہی نہیں کر رہا۔ آئی سی آئی جے کہہ چکی ہے کہ مریم نواز بینیفشری مالک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی منی ٹریل سامنے نہیں آئی، جبکہ منی ٹریل چار جگہ واضح ہے۔ انیس سو اٹھانوے میں ایف آئی اے کی رپورٹ اور بی بی سی کی ڈاکیومنٹری، التوفیق کیس اور اسحاق ڈار کا بیان حلفی سمیت سب جگہ موجود ہے کہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے، تاہم ان کی بدقسمتی ہے کہ یہ پاناما پیپرز میں پھنس گئے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وکیل بہانے ڈھونڈ رہے ہیں ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم کی چوری کے لئے چار عینی شاہد گواہ ہونے ضروری ہیں۔ یہ پاکستان کے لئے فیصلہ کن وقت ہے، جبکہ چیرمین نیب کے ساتھ ساتھ وزیراعظم تبدیل ہونے کی ضرورت ہے۔ نیب خود کہتی ہے کہ بارہ ارب روپے کی کرپشن روز ہوتی ہے، نیب چھوٹے چور پکڑتی ہے اور بڑوں کو چھوڑ دیتی ہے، تاہم ایک پاناما کی چوری جیل میں موجود تمام چوروں سے بڑی ہے۔