میاں نواز شریف مریم کی کفالت سے دستبردار،عمران خان کا دعویٰ
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 10, 2016 | 16:33 شام
اسلام آباد(مانیٹرنگ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف احتساب سے بھاگ رہے ہیں، وہ الیکشن کمیشن میں پھر جھوٹ بول رہے ہیں، وزیراعظم نے الیکشن کمیشن میں اپنی صاحب زادی مریم نواز کی کفالت کے حوالے سے ایک بار پھر جھوٹ بول دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نوازکی کفالت سے ہی دست بردار ہوگئے، آج الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کی جانب سے ان کے وکیل نے جو جواب جمع کرایا وہ جھوٹ پر مبنی ہے،پیش کی گئی دستاویزات میں مریم نواز میں سال 2011ءتک نواز شریف کی زیرکفالت تھیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا ہے کہ وزیراعظم احتساب سے بھاگ رہے ہیں، تحریک انصاف بھی مریم نواز کی کفالت سے متعلق دستاویز الیکشن کمیشن کو دے چکی ہے، ہم جانتے ہیں کہ نواز شریف احتساب سے بچنے کے لیے ہر غلط حربہ استعمال کریں گے لیکن طاقت اور اقتدار کے بل بوتے پر حقائق مسخ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔عمران خان نے کہا کہ خدشہ ہے کہ نواز شریف وزارت عظمیٰ کے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھا کر سرکاری ریکارڈ میں ردو بدل کی کوشش کریں گے، ریکارڈ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا جھوٹ خود الیکشن کمیشن کے لیے ایک بڑا امتحان ہے، وزیراعظم فرار کی جتنی کوشش کرلیں، ہم ان کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر کے دم لیں گے اور لوٹ مار کے ساتھ ایک ایک جھوٹ کابھی حساب لیں گے۔
چئیرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کا تازہ ترین جھوٹ ثابت کرتا ہے کہ انہیں پکڑے جانے کا کوئی خوف نہیں اور پارلیمان میں بھی اسی لیے جھوٹ بولا تھا کہ انہیں پارلیمان کی جانب سے بازپرس کا کوئی خدشہ نہیں تھا۔