قوم کو جلد شریف مافیا سے نجات مل جائے گی:عمران خان

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 15, 2017 | 15:03 شام

ڈیرہ غازی خان(مانیٹرنگ ڈیسک) : ایسا نیا پاکستان بنائیں گے جہاں اسکولوں میں مفت تعلیم، سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج، نوجوانوں کو بیروزگاری الاؤنس اور عام پڑھے لکھے شخص کو وزیراعظم بننے کے یکساں مواقع حاصل ہوں گے۔عمران خان ڈیرہ غازی خان میں ایک بڑے جسلہ عام سے خطاب کررہے تھے انہوں نے ڈی جی خان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نہیں معلوم تھا کہ بارش اور سردی کےباوجود لوگ اتنی بڑی تعداد میں نکل آئیں گے، مجھے یہاں پہلے آجانا چاہیے تھا جس پر معذرت کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ تو تخت لاہور سے تنگ ہی آچکے ہیں اب تو پورے پاکستان کےلوگ تخت لاہور سے تنگ سےآچکے ہیں گھبراؤ نہیں مجھے سب پتا ہے کہ ملک میں کیا ہورہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ اللہ نے پاناما لیکس پر نوازشریف کے خلاف سوموٹو ایکشن لےلیا ہے،ایک ایک کر سارے ثبوت سامنے آرہے ہیں اور اب تو بی بی سی نے بھی اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ساری جائیداد میاں صاحب کے بچوں کی تھی اب انشاء اللہ پاکستان کو شریف مافیا سے نجات مل جائےگی۔انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لاکھوں لوگوں کی قربانیوں کے بعد تشکیل پایا تا کہ ساری دنیا کے لیے ایک مثال بن سکے جہاں تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولیات میئسر ہوں جو علامہ اقبال کے خواب کا آئینہ دار ہو، ایسا نیا پاکستان ہم بنائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یورپ ،برطانیہ میں فلاحی ریاست چل رہی ہے، جہاں تعلیم اور صحت کی سہولیات مفت دستیاب ہیں اس کے علاوہ نوجوانوں کو بے روزگاری الاؤنس بھی دیا جاتا ہے جب کہ پاکستان کے حکمراں لوٹ مار میں مصروف ہیں اور ایسا پاکستان نہ بنا سکے جس کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے خواب کا مظاہر نیا پاکستان ہوگا جو انشااللہ ہم بنائیں گے، وہاں عوام کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جہاں عام آدمی کا بچہ پڑھ لکھ کر وزیراعظم بنے، ایسا پاکستان تحریک انصاف بنائے گی۔اس موقع پر عمران خان نے اعلان کیا کہ کراچی کے بعد ڈی جی خان میں بھی کینسر اسپتال بنانےکی کوشش کریں گے گو کہ یہ کام آسان نہیں بلکہ نہایت کٹھن اور مشکل ہے تا ہم میرا وعدہ ہے یہاں بھی کینسر اسپتال بنائیں گے، شوکت خانم میں مفت دوائیں فراہم کی جاتی ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف یہ ثابت نہ کر سکے کہ 1993 سے پہلے مے فیئر فلیٹس کے مالک قطری تھے تو مشکل میں پھنس جائیں گے اور اگر یہ ثابت نہ کر سکے تو آف شور کمپنیاں کی بنیفیشریز مریم نواز ہیں تو بھی پھنس جائیں گے یوں جلد قوم کو شریف مافیا سے نجات مل جائے گی۔