انڈین جوتشیوں پر بلا کا اعتقاد،ایک خاتون نجومی بھی گڈ بک میں شامل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع فروری 13, 2017 | 18:08 شام

راچی، ممبئی (مانیٹرنگ)وزیر اعظم نواز شریف کے لئے گھر دا جوگی جوگڑا پرایا جوگی سعد کے مصداق پاکستانی نجومیوں کے مقابلے میں بھارتی نجومی زیادہ معتبر ٹھہرے ہیں۔  بھارت سے خاص طورپرمیاں نوازشریف کی جنم کنڈلی نکالنے کے لیے پاکستان آنیوالے ایک ہندوجوتشی نے میاں نواز شریف کو تاحیات اقتدار میں رہنے کی نوید سنائی تھی تاہم اس پیشگوئی کے قریباً سال بعد ہی انہیں اقتدار سے محروم ہونا پڑا،میاں نواز شریف جب 1997ءمیں دوسری بار وزیراعظم بنے تو ایک ہندوجوتشی نے پیش گوئی کی تھی کہ وہ کسی نہ کسی پوزیشن میں

تاعمر اقتدار میں رہیں گے۔
روزنامہ امت کے مطابق بھارت کے اس ہندو جوتشی کا نام پرکاش تھا۔ اس واقعہ سے آگاہ شیخوپورہ کے ایک معروف ستارہ شناس نے بتایا کہ ”پرکاش نے میاں صاحب کا تاحیات زائچہ بنایا تھا اور دعویٰ تھا کہ نواز شریف کی زندگی کے زائچے میں موجود اقتدار کے خانے میں ستارے انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہیں۔ ان طاقتور ستاروں نے ہی ان کے دوسری بار وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کی اور یہ کہ وہ ساری عمر وزیراعظم تو نہیں رہ سکتے لیکن کسی نہ کسی صورت اقتدار کی شکل دیکھتے رہیں گے۔“ ستارہ شناس کے بقول پرکاش کی اس پیشگوئی کے بعد ہی میاں نواز شریف نے اسلام آباد میں وزیراعظم سیکرٹریٹ کی پرشکوہ عمارت کا افتتاح کیا تھا۔ وزیراعظم نواز شریف اس عمارت میں منتقل ہونے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن مغلیہ طرز تعمیر کے اس پرائم منسٹر سیکرٹریٹ میں نواز شریف کو بطور وزیراعظم رہنانصیب نہیں ہوا۔ پرکاش کی پیشگوئی کے قریباً سال بعد پرویز مشرف نے ان کی منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا، بعدازاں میاں صاحب کی طویل جلاوطنی تاریخ کا حصہ ہے۔
میاں نواز شریف 2013ءمیں تیسری بار وزیراعظم بننے کے بعد بھی اس عمارت میں نہیں بیٹھے ہیں اور اب تک اپنے تمام اجلاس پرانے وزیراعظم ہاﺅس میں ہی بلارہے ہیں تاہم یہ عمارت وزیراعظم کے مشیروں اور دیگر عملے کے زیراستعمال ہے۔

رپورٹ کے مطابق شاہراہ دستور پر سپریم کورٹ کی عمارت کے قریب واقع پی ایم سیکرٹریٹ میں وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کے دفاتر بھی ہیں۔ پی ایم سیکرٹریٹ کو دیگر وزرائے اعظم نے بھی اپنا مسکن نہیں بنایا تاہم ڈپٹی پرائم منسٹر بننے والے چوہدری پرویز الٰہی یہاں ضرور بیٹھا کرتے تھے۔ ایک دور میں جماعت اسلامی کے امیر قاضی حسین نے مطالبہ کیا تھا کہ اس عمارت میں ویمن یونیورسٹی بنادی جائے۔
لاہور کے ایک اور آسٹرولوجسٹ نے بتایا کہ میاں صاحب، دہلی کی ایک خاتون ستارہ شناس سونیا راج سے بھی اپنا زائچہ بنواتے رہے ہیں، سونیا راج پاکستان آمد پر حکومت پنجاب کی مہمان ہوا کرتی تھی۔ پیپلزپارٹی کے گزشتہ دور میں جب پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی تو ان دنوں بھی سونیا راج لاہور آئی ہوئی تھی۔ آسٹرولوجسٹ کے بقول گفتگو کے دوران معلوم ہوا کہ سونیا راج نے نہ صرف میاں صاحب بلکہ چوہدری برادران کے زائچے بھی بنائے لیکن سونیاکے بنائے گئے زائچوں کی تفصیلات کا علم نہیں۔