چین کے بعد روس سے بھی بھارت کوعالمی سطح پرشرمندگی کاسامنا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 18, 2016 | 17:28 شام

نئی دہلی (شفق ڈیسک) چین کے بعد روس نے برکس کے اجلاس میں پاکستان پر دہشتگردی کے بھارتی الزام پر خاموشی اختیار کر کے بھارت کو شرمندہ کر دیا ہے۔ روس نے پاکستان پر ریاستی دہشتگردی کے بھارتی الزام پرکوئی توجہ نہ دی جسکے نتیجے میں برکس اجلاس کے گووا ڈکلیریشن میں بھارت کیجانب سے پاکستان کو دہشتگردی کی سپورٹ کرنیوالا ملک قرار دینے کی کوشش ناکام ہو گئی ہیں۔ معروف بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کیمطابق برکس ممبر کے اجلاس میں تمام ممبران نے عہد کیا کہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کیجانب سے دہشتگرد قرار دیئے گئے گروپس کا مسلسل پیچھا کیا جائے گا لیکن مودی حکومت کو اس وقت جھٹکا لگا جب روس نے بھارت کی جانب سے دہشتگرد وں کی تفصیلات پر بے رغبتی کا اظہار کیا۔ برکس کے اہم ترین اجلاس میں روس کے اس رویے کی وجہ سے گووا ڈکلیریشن میں بھارت کیجانب سے پاکستان کو دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنیوالا ملک قرار دینے کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالا ت حاضرہ کے گلوبل پاور پلے میں روس کیلئے دن بدن چین کی ضرورت بڑھتی جا رہی ہے اور بھارت کے معاملے پر ماسکو بیجنگ کی پوزیشن دیکھ رہا ہے۔ روس نے گووا ڈکلریشن میں جیش محمد کا نام دہشتگرد تنظیم کے طور پر ڈالنے کیلئے بھی بھارت کی مدد نہیں کی۔ بھارتی مبصرین کا کہنا ہے کہ ماسکو بھارت کے تحفظا ت دور کرنا چاہتا ہے لیکن چین کیساتھ مخالفت نہیں چاہتا، اس وجہ سے گووا ڈکلیر یشن میں بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر پاکستانی مبصرین کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیا ہے تاہم روس اور چین چونکہ بھارت سے طویل عرصے سے تعلقات رکھے ہوئے ہیں اور اب تو روس کے پاکستان کیساتھ بھی بہت مضبوط تعلقات ہیں جسکی وجہ سے بھارت پاکستان کو دہشتگرد ریاست قرار دلوانے میں کامیاب نہیں ہوسکا تاہم اب عالمی طاقتوں کے سامنے بھارت کی بہت سبکی ہو رہی ہے۔