عدالت میں اداکار گووندا اور شلپا شیٹھی سمیت 6 افراد پیش کرنیکا حکم دیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 18, 2016 | 17:31 شام
ممبئی (شفق ڈیسک) عدالت نے 1996ء میں ریلیز ہونیوالی فلم ’’چھوٹے سرکار‘‘ کے گانے ’’ایک چما تو مجھ کو ادھار دے دے‘‘ کے مقدمے میں اداکار گووندا اور شلپا شیٹھی سمیت 6 افراد پیش کرنیکا حکم دیا ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی گزشتہ دنوں والد کے انتقال کے باعث گہرے صدمے میں ہیں لیکن اب انہیں ایک اور مشکل نے آگھیرا ہے جسکے بعد انہیں 20 سالہ پرانے مقدمے میں عدالت میں پیش ہونیکا حکم جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کیمطابق 1996ء میں ریلیز ہونیوالی فلم ’’چھوٹے سرکار‘‘ کے آئٹم سانگ ’’ایک چما تو مجھ کو ادھار دے دے، بدلے میں سارا بہار لے لے‘‘ نے مقبولیت کے کئی ریکارڈ توڑ دیئے تھے لیکن گانے میں بہار سے متعلق غلط رنگ دینے اور فحاشی کا پرچار کرنیکا مقدمہ درج کرایا گیا تھا جس پر عدالت نے 5 مئی 2001ء میں اداکار گووندا، شلپا شیٹھی، گلوکار ادت نارائن سمیت 6 افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جس پر مقدمے میں شامل افراد نے رانچئی ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا تھا۔ ناقابل ضمانت وارنٹ جاری ہونے کے باوجود مقدمے میں شامل افراد عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس پر اب عدالت نے ممبئی پولیس کو اداکار گووندا اور شلپا شیٹھی سمیت 6 افراد کو پیش کرنیکا حکم دیا جبکہ مقدمے میں الزامات ثابت ہونے پر دونوں اداکاروں کو جیل کی ہوا کھانی پڑ سکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اداکار گووندا کو عدالت نے مداح کو تھپڑ رسید کرنے پر معافی مانگنے کا حکم دیا تھا۔