شادی کی چوتھی سالگرہ کیرالہ کرینہ اپنے شوہر کے ساتھ منائے گی
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع اکتوبر 17, 2016 | 18:18 شام
ممبئی (شفق ڈیسک) بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ کرینہ کپور شادی کی چوتھی سالگرہ منانے کیرالہ پہنچ گئیں جہاں انکے شوہر اور اداکار سیف علی خان اپنی نئی آنیوالی فلم شیف کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کیمطابق کرینہ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے حوالے سے خبروں کی خاصی زینت بنی ہوئی ہیں، اداکارہ حاملہ ہونیکے باوجود فلموں میں اداکاری اور مختلف فیشن شومیں بھی بڑے جوش و خروش سے شرکت بھی کر رہی ہیں تاہم اب اداکارہ اپنی شادی کی چوتھی سالگرہ منانے بھارتی ریاست کیرالہ پہنچ گئی ہیں جہاں چھوٹے نواب سیف علی خان اپنی آنیوالی فلم شیف کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب سیف علی خان بھی کرینہ اور اپنے پہلے بچے کی دسمبر میں پیدائش کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں اور فلم شیف کی شوٹنگ وہ دسمبر سے پہلے ہی مکمل کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ کرینہ کیساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزار سکیں۔ فلم کے ہدایتکار راجا کرشنا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہماری پوری کوشش ہو گی کہ فلم کو دسمبر سے پہلے ہی مکمل کر لیں جبکہ فلم کے کچھ رہ جانیوالے مناظر کو ہم بعد میں بھی عکس بند کرا سکتے ہیں۔