سسرالیوں کے ہاتھوں نئی نویلی دلہن قتل

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 29, 2016 | 19:58 شام

نئی دہلی (شفق ڈیسک) بھارتی ریاست اڑیسہ میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں سسرالیوں نے جہیز کی رقم ادا نہ کرنے پر نئی نویلی دلہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کیمطابق قتل ہونیوالی خاتون پرابھاتی کا تعلق رانجی پور گاؤں سے تھا۔ مقتولہ کی 9 نومبر کو اپنے گاؤں کے رہائشی لکشمی ناہک سے شادی ہوئی تھی۔ سسرالیوں نے مقتولہ کے والد سے جہیز کی صورت میں ایک لاکھ 70 ہزار کی رقم دینے کا مطالبہ کیا جسے اس نے تسلیم کر لیا تاہم بھارت میں جاری نوٹ بندی کے مسئلے کے باعث وہ اپنا وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہا۔

بھارتی میڈیا کیمطابق شادی کے روز لڑکی کے والد نے اس کے سسرالیوں کو پرانے کرنسی نوٹ دینے کی کوشش کی لیکن انہوں نے لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ انہیں ہر صورت مطلوبہ رقم نئے نوٹوں کی صورت میں جلد از جلد ادا کی جائے۔ پرابھاتی کے والدین نے پولیس کو بتایا کہ رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر سسرالیوں نے ان کی بیٹی کو قتل کر دیا ہے۔ ملزموں کیخلاف کارروائی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ پولیس نے مقتولہ کے والدین کی درخواست پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔