مسلمان بھارتی لڑکی پر پہلے تشدد کیا پھر گینگ ریپ کیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 29, 2016 | 20:04 شام
نئی دلی (شفق ڈیسک) بھارت میں مسلمانوں کے جان و مال اور عزت سے کس طرح کھیلا جارہا ہے اس کی بے شمار مثالیں ہیں ایسے دردناک مناظر نے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ ہندو شدت پسند تنظیم بجرنگ دل کے غنڈے ایک مسلمان لڑکی اور لڑکے کو بھیانک تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، مگر انکشاف ہوا ہے کہ اصل حقائق کہیں زیادہ شرمناک اور لرزہ خیز ہیں۔ ا خبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کیمطابق غنڈوں کے ہاتھوں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی مسلمان لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ ظالمانہ تشدد کے بعد حیوان صفت غنڈے اسے ایک کمرے میں لے گئے جہاں اس کی اجتماعی آبرو ریزی کی گئی۔ جب اس ظلم پر بھی جی نہ بھرا تو اس کے گلے میں پھندا ڈال کر پھانسی دینے کی تیاری شروع کر دی۔ لڑکی کا کہنا تھا کہ وہ یقین نہیں کر پا رہی کہ اسکی زندگی بچ گئی ہے کیونکہ غنڈوں نے اسے پھانسی دینے کیلئے پھندا بھی تیار کر لیا تھا۔ ضلع بلند شہر میں پیش آنے والے اس سانحے درجنوں غنڈوں کو مسلمان لڑکی اور لڑکے پر وحشیانہ تشدد کرتے دیکھا گیا یہ بدمعاش لاٹھیاں برساتے ہوئے کہہ رہے تھے تم لوگ ہندو محلے کو گندا کرتے ہو۔ اب تک تو یہی سمجھا جارہا تھا کہ یہ غنڈہ گردی اور تشدد کا واقعہ ہے لیکن مسلمان لڑکی کی اجتماعی آبروریزی اور اسے پھانسی دینے کی کوشش کے انکشافات نے واقعے کے مزید لرزہ خیز پہلوؤں سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ پولیس نے روایتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد اصل مجرموں کو پکڑ لیا جائے گا۔