پوجا بھٹ پاکستانی فنکاروں کی مخالفت پر سب سے آگے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 23, 2016 | 20:44 شام

ممبئی (شفق ڈیسک) پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی مخالفت میں پوجا بھٹ سب سے آگے نکل گئیں، ایسی بات کہہ دی کہ بھارت میں ہنگامہ برپا ہو گیا، بھارت میں انتہاء پسندوں کا راج ہے لیکن کچھ افراد ایسے بھی ہیں جو نتائج کی پرواہ کئے بغیر پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بول رہے ہیں۔ پوجا بھٹ نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں پر پابندی غنڈہ گردی ہے۔ تفصیلا ت کیمطابق جمہوریت اور روشن خیال ملک ہونے کا راگ الاپنے والے بھارت نے پاکستانی فنکاروں کو پابندیوں کی زنجیروں میں جکڑ دیا۔ بھارتی انتہاء پسندوں کے ڈر سے زبانوں پر

تالے پڑے ہیں۔ لیکن وہیں ایسے لوگ بھی ہیں جو خوف کے اندھیروں میں حق کی شمع روشن کر رہے ہیں۔ معروف بالی وڈ سٹار پوجا بھٹ نے ٹوئٹر پر صاف کہہ دیا کہ پاکستانی اداکاروں پر پابندی کسی صورت بھی قوم پرستی نہیں، یہ تو زمانہ طالب علمی میں کی جانیوالی غنڈہ گردی ہے۔ پوجا بھٹ کے ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا اور ہندو انتہاء پسندوں کیجانب سے پوجا بھٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہدایتکار زویا اختر بھی سمجھتی ہیں کہ فلم اور فلم سازوں کو ٹارگٹ کیا جانا بدقسمتی ہے بالی وڈ ڈائریکٹر ایان مکر جی کا کہنا ہے کہ اداکار رنبیر کپور فلم کی ریلیز سے متعلق سخت ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ اداکار ابھے دیول کہتے ہیں بھارتی سرکار صرف شہرت کیلئے شور مچا رہی ہے دوسری جانب سابق بھارتی کرکٹر سنجے منجریکر بھی پاکستانی اداکاروں والی فلموں کی ریلیز پر پابندی پر اپنی حکومت پر برس پڑے۔