بھارتی پنجاب کی سیاست میں ہلچل، کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی مستعفی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 10, 2016 | 16:27 شام

نئی دہلی (شفق ڈیسک) ستلج جمنا لنک کینال معاملے پر بھارت کی عدالت عالیہ کے فیصلے کیخلاف پنجاب کانگریس کے صدر سمیت تمام اراکین نے استعفے دیدے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کیمطابق ستلج جمنا لنک کینال (ایس وائی ایل) معاملہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ سے پنجاب کانگریس کے صدر کیپٹن امریندر سنگھ نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے۔ ان کیساتھ ریاست میں کانگریس کے تمام ممبران اسمبلی نے بھی استعفی دے دیا ہے۔ کیپٹن امریندر نے اپنا استعفیٰ لوک سبھا کے سپیکر کو بھیج دیا ہے۔ وہیں کانگریس کے ممبران اسمبلی نے بھ

ی اپنے اپنے استعفے اسمبلی سپیکر کو بھیج دیئے ہیں۔ خیال رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے ستلج جمنا رابطہ کینال (ایس وائی ایل) تنازع کے معاملے میں پانی کی تقسیم معاہدے کو منسوخ کرنے سے متعلق ایکٹ کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ جسٹس انل آر دوے کے زیر صدارت پانچ رکنی بنچ نے ایس وائی ایل نہر تنازع میں صدر کے ریفرنس پر اپنا اہم فیصلہ سناتے ہوئے پانی کی تقسیم سے متعلق پنجاب معاہدہ تنسیخ ایکٹ 2004ء کو غیر آئینی قرار دیا ہے۔ سپریم کورٹ کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ پانی کی تقسیم سے متعلق پنجاب حکومت کیطرف سے بنایا گیا قانون غیر آئینی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے فیصلے میں کہا کہ پنجاب حکومت دیگر ریاستوں کیساتھ کئے گئے معاہدے کو یکطرفہ طریقے سے ختم نہیں کر سکتی۔