ماہرہ خان اور علی ظفر کو گرین سگنل مل گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 25, 2016 | 17:02 شام

 

ممبئی (شفق ڈیسک) پاکستانی فنکار ماہرہ خان اور علی ظفر کی بالی ووڈ فلمیں ڈیئر زندگی اور رئیس اب بغیر کسی تنازع کے بھارت میں ریلیز کی جاسکیں گی۔ بھارتی میڈیا کیمطابق شاہ رخ خان اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم رئیس اور علی ظفر کے ساتھ ان کی فلم ڈیئرزندگی پر بھارت کی قوم پرست جماعت مہاراشٹرا نونرمن سنہا ایم این ایس نے پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ کرن جوہر کی فلم اے دل ہے مشکل پر بھی پابندی کا مطالبہ کیا گیا تھا، جس میں فواد خان نے ایک مختصر کردار ادا کیا تھا۔ اس سلسلہ میں ایم این ایس چترا پت سنہا کی جنرل سیکرٹری شالینی ٹھاکرے نے کہا کہ ہمیشہ یہی کہا گیا کہ ان فلموں کا آغاز اڑی حملے سے پہلے ہوا تھا، اس لئے اب یہ بات اچھی طرح سامنے آگئی ہے، لہذا اے دل ہے مشکل، رئیس اور ڈیئر زندگی کے علاوہ بھارت میں کوئی اور ایسی فلم ریلیز نہیں ہوگی جن میں پاکستانی فنکار شامل ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ، ایم این ایس اور پروڈیوسرز نے مل کر اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ اب پاکستانی فنکاروں کیساتھ مزید فلمیں نہیں بنائی جائینگی۔