رینجرز کے 7جوان شہید کرنے کاجھوٹا بھارتی دعویٰ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 22, 2016 | 09:54 صبح

 

لاہور(مانیٹرنگ)بھارتی نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر سامبا سیکٹر ،ہیرا نگر سیکٹر اور اخنور سیکٹر پر پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جس پر بھارتی فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان رینجرز کے 7جوان شہید جبکہ 4زخمی کر دیئے ،بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ اس جھڑپ میں بی ایس ایف کا ایک فوجی گرونام سنگھ بھی زخمی ہوا  جس کی حالت انتہائی تشویش ناک بتا ئی جا رہی ہے ۔بھارتی سیکیورٹی فورسز جموں کے آئی جی ڈی کے اپدیہائے نے بھڑک مارتے ہوئے   کہنا تھا  کہ پاکستان کو اسی کی زبان میں  جواب دیا گیا ہے ،ہمارے جوان کسی بھی طرح کی دراندازی ناکام بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں ۔بھارتی ٹی وی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل ڈیرانگر سیکٹر میں پاکستان کے اسنائپر حملے میں بی ایس ایف کا جوان زخمی ہو گیا تھا، تاہم بی ایس ایف نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاک رینجر کے جوان کو مار گرایا۔دوسری طرف پاک فوج نے بھارت کے گمراہ کن اور جھوٹے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بھرپور جواب دیا گیا ہے ، لیکن کسی بھی پاکستانی فوجی یا رینجرز کے جوان کی شہادت کا بھارتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باونڈری کے شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کا بھرپور جواب دیا گیا ہے ، لیکن کسی بھی پاکستانی فوجی یا رینجرز کے جوان کی شہادت کا بھارتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باونڈری کے شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کا پاکستان رینجرز نے منہ توڑ جواب دیا۔ بھارتی فائرنگ سے پاکستان کی طرف کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پاکستانی فوجی یا رینجرز اہلکارکی شہادت کا بھارتی دعویٰ جھوٹا ہے۔