امریکہ کیخلاف اقدامات کئے جائیں، ایران پارلیمنٹ میں بل پیش

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 22, 2016 | 14:42 شام

ایران (شفق ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے ارکان نے امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے ایران مخالف پابندیوں میں مزید دس دن کی توسیع کی مذمت کی ہے۔ پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس کے دوران ایرانی قانون سازوں کیجانب سے جاری ہونیوالے مشترکہ بیان میں حکومت ایران سے کہا گیا کہ وہ جامع ایٹمی معاہدے کے بارے میں پارلیمنٹ کے منظور کردہ بل کے تحت امریکہ کیخلاف جوابی اقدامات عمل میں لائے۔ ایران کے ارکان پارلیمنٹ کے بیان میں پرامن ایٹمی پروگرام اور قومی عزت و وقار کے تحفظ پر بھی زور دیا گیا ہے۔ دریں اثنا قومی سلامتی اور امور خارجہ کے پارلیمانی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین کمال دہقانی فیروز آبادی نے امریکہ کی وعدہ خلافیوں اور ایران مخالف پابندیوں میں توسیع کیجانب اشارہ کرتے ہوئے ایک ڈبل ارجنسی بل بھی پارلیمنٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ مذکورہ بل کے ذریعے پارلیمنٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ حکومت ایران کو امریکی ایوان نمائندگان کے اس اقدام کیخلاف جوابی اقدامات عمل میں لانے کا پابند بنائے۔ قابل ذکر ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے حالیہ صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ایران کیخلاف عائد پابندیوں میں مزید دس سال کی توسیع کر دی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان نے ایران کو مسافر بردار طیاروں کی فروخت روکنے سے متعلق بھی ایک بل منظور کیا ہے۔