ایران نے دو سو جدید بسیں فراہم کرنے کی پیشکش کردی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 26, 2016 | 09:20 صبح

کراچی(مانیٹرنگ) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید ناصر حسین شاہ سے ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی نے ایک وفد کے ہمراہ ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت صوبہ سندھ میں ٹرانسپورٹ سسٹم کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل نے کراچی کیلئے 2 سو جدید بسوں کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔

ملاقات کے موقع پر سیکریٹری برائے فارن ریلشنز احسان مختار زبیری، کمرشل اتاشی مراد نعمتی اور کمرشل اینڈ اکنامک قونصلر حامد رضا بھی موجود تھے۔

ایرانی

قونصل جنرل نے ناصر شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کی ملاقات کا مقصد پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید بہتر اور مستحکم بنانے کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

انہوں نے ایرانی حکومت کی جانب سے پورے سندھ خصوصاً کراچی میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنا نے اور بسوں کی فراہمی کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون اور مدد کی پیشکش کی۔

قونصل جنرل نے صوبائی وزیر کو دعوت دی کہ وہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کے ہمراہ ایران کا دورہ کریں اور دورے کے موقع پر انہیں ایرانی ٹرانسپورٹ سسٹم خاص طور پر تہران میں قائم ٹرانسپورٹ کے نظام کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا جائیگا، اس کے علاوہ جرمنی، اٹلی، فرانس اور ایران کے اشتراک سے قائم بسیں تیار کرنے کے جدید پلانٹ کا دورہ بھی کرایا جائیگا۔

وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے وفد کو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے سندھ اور خصوصاً کراچی میں ضروریات کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کیلئے جدید اور با سہولت ٹرانسپورٹ سسٹم سندھ حکومت کی ترجیحات ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جا ری ہے۔

صوبائی وزیر نے قونصل جنرل کو بتایا کہ حکومت صوبے کے عوام کیلئے تعلیم، صحت اور با سہولت سفری سہولیات کیلئے ہر ممکن اقدامات اور کاوشیں کررہی ہے، وزیر اعلی سندھ کی ہدایت پر کراچی میں کئی ارب روپوں کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جا ری ہے، جن کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے نا صرف وزیر اعلی بلکہ ان کی کابینہ بھی متحرک ہے، گرین لائن اور عبدالستار ایدھی لائن منصوبوں پر کراچی میں تیزی سے کام جا ری ہے، ٹرانسپورٹ کے تمام منصوبوں کی تکمیل کے بعد صوبے کے عوام سفری سہولیات کے حوالے سے ایک بڑی خوشگوار تبدیلی محسوس کرینگے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کے علاوہ صوبے کے مختلف اضلاع و شہروں کیلئے جدید اور با سہولت انٹر سٹی بسوں کا بھی منصوبہ ہے تاکہ شہری عوام کی طرح سندھ کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کے غریب مسافروں کو بھی با سہولت اور رعائتی کرایوں پر میعاری سفری سہولیات فراہم ہوسکیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ اور قونصل جنرل نے باہمی دلچسپیوں کے حوالے سے ایک دوسرے سے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی اور شکریہ ادا کیا۔ سید ناصر شاہ نے اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل سمیت وفد کو سندھ کا روائتی تحفہ اجرک پیش کیا۔