حلب کے بعد یمن اور بحرین بھی آزاد کرائیں گے: پاسداران انقلاب

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 16, 2016 | 16:01 شام

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کی طاقت ور فوج پاسداران انقلاب کے لیڈروں کی جانب سے شام کے شہر حلب میں خون کی ندیاں بہانے کے بعد خلیجی ممالک میں مداخلت کی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں۔ تہران نے حلب کی آزادی کا جشن منانا شروع کیا ہے۔ دوسری جانب پاسدارن انقلاب کے عہدیداروں نے ایک ایسے  بیان میں یہ دھمکی دی  ہے کہ حلب کو آزاد کرانے کے بعد اگلی باری یمن اور بحرین کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق  پاسداران انقلاب کے ڈپٹی چیف جنرل حسین سلامی نے سرکاری خبر رساں ایجنسی’ارنا&lsqu

o; سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلب کی فتح بحرین اور یمن کی آزادی کا نقطہ آغاز ہے۔ سقوط حلب کے بعد ایران کا توسیع پسندانہ پروگرام اگلے مرحلے میں یمن، موصل اور بحرین میں داخل ہوگا۔

ایرانی جنرل نے  بات کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی قوم بھی جلد ہی مخصوص ٹولے کے تسلط سے آزاد ہوگی۔ یمن کے عوام بھی آزادی کا جشن منائیں گے اور موصل کے مکین بھی آزادی اور فتح کا پرچم لہرائیں گے۔ ان سب کے ساتھ اللہ نے آزادی کا وعدہ کر رکھا ہے۔

جنرل سلامی نے یمن کے حوثی باغیوں کی فوجی امداد اور میزائل فراہم کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی میزائل کسی بھی علاقے میں دشمن کی تنصیبات کو تباہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے حلب میں اسدی فوج کے قبضے کو ’فتح مبینُ قرار دیا۔

ادھر پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر رمضان شریف نے کہا ہے کہ حلب میں فتح ایران کے مزاحمتی پروگرام کی فتح ہے۔ حلب کی فتح کے بعد یمن اور بحرین جیسے تنازعات کے حل کا بھی موقع آگیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’فارس‘ سے بات کرتے ہوئے بریگیڈٰیئر شریف نے کہا کہ ایران فورسز اور اس کی وفادار ملیشیائیں عراق، افغانستان، پاکستان، لبنانی ملیشیا حزب اللہ اور روسی فوج نے مل کر حلب کو باغیوں سے آزاد کرایا ہے۔