عراقی فوج نے تاریخی شہر نمرود سے نام نہاد دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو باہر دھکیل دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 13, 2016 | 20:28 شام

عراق (شفق ڈیسک) عراقی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے تاریخی شہر نمرود سے نام نہاد دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو باہر دھکیل دیا ہے اور شہر پر دو سال بعد دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ دولت اسلامیہ نے مارچ 2015 میں تیرہویں صدی قبل مسیح سے قائم شہر نمرود پر قبضہ کیا تھا۔ سرکاری حکام اور تاریخ دانوں نے تنظیم کو اس کو یہاں موجود آثارِ قدیمہ کے مقامات کو نقصان پہنچانے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسکو نے آثارِ قدیمہ کی اس تباہی کو جنگی جرائم قرار دیا تھا۔ دولتِ اسلامیہ کا کہنا ہے کہ مز

ار اور بت جھوٹے خدا ہیں اور ان کی تباہی ضروری ہے۔ نمرود عراق کے دوسرے بڑے شہر موصل سے 20 میل دور جنوب مشرق میں واقع ہے۔ عراقی افواج نے حال ہی میں موصل سے دولت اسلامیہ کا قبضہ چھڑانے کے لیے ایک زبردست فوجی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ عراقی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نویں آرمرڈ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے دستوں نے نمرود کو مکمل طور پر آزاد کرا لیا ہے اور شہر کی عمارتوں پر عراقی پرچم دوبارہ لہرا دیا ہے۔ بیان میں دولت اسلامیہ کو جانی اور مالی نقصان پہنچانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ دریں اثنا انسانی حقوق کے کارکنوں نے الزام لگایا ہے کہ کرد فوجیوں نے دولت اسلامیہ کے زیر قبضہ رہنے والے 20 دیہات اور قصبوں میں سنی عربوں کے گھروں کا گرا دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ کچھ سنی عرب دیہات کو مکمل طور پر نست و نابود کر دیا گیا ہے۔ کردوں کی مقامی حکومت کے ایک نائب وزیر دیندار زیباری نے اس امر کی تردید کی ہے کہ اس بارے میں کوئی پالیسی بنائی گئی تھی یا کوئی ہدایات دی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ کرد علاقے میں تقریباً بیس لاکھ سنی عرب سکون سے رہ رہے ہیں۔ تباہ شدہ علاقے کے چند لوگ یا تو داعش کی حمایت کر رہے تھے یا اس کے رکن بن چکے تھے۔ گھروں کو پہنچنے والا نقصان یا تو فضائی بمباری کا نتیجہ ہے یا پھر اس بارودی مواد کے پھٹنے سے ہوا ہے جو شدت پسند وہاں سے روانگی کے وقت وہاں نصب کر گئے تھے۔