فاسٹ بولر محمد عرفان کے گھر سے افسوس ناک خبر۔۔۔۔۔

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 09, 2017 | 17:53 شام

سڈنی(مانیرنگ ڈیسک):پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان والدہ کے انتقال کے سبب آسٹریلیا سے وطن واپس آرہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ محمد عرفان دورہ چھوڑ کر وطن واپس آرہے ہیں تاہم ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا ہے کہ وہ دوبارہ آسٹریلیا جاسکیں گے یا ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو آسٹریلیا بھیجا جائے گا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کے لیے فی الحال پہلے ون ڈے سے پہلے آسٹریلیا پہنچنا ممکن نہیں ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔محمد عرفان آخری بار گذشتہ سال انگلینڈ کے خلاف ہیڈنگلے میں ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے تھے لیکن فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے تھے۔پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق محمد عرفان اس وقت بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور اخباری اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے ون ڈے سیریز کے لیے آسٹریلیا پہنچنے والے جن کرکٹرز کی فٹنس پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے ان میں محمد عرفان بھی شامل ہیں حالانکہ عرفان نےحالیہ قائداعظم ٹرافی میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے سو سے زائد اوورز کیے اور ان کی ٹیم قائداعظم ٹرافی جیتی تھی۔