ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کا حشر کیا ہوگا؟ شریفوں کے رشتہ دار حواری نے ناقابل یقین انکشاف کر دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع مارچ 11, 2017 | 06:54 صبح

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈان لیکس کمیشن کی رپورٹ کا حشر حمود الرحمن کمیشن رپورٹ جیسا نہیں ہو گا۔ ڈان لیکس کی رپورٹ کو عام کر نے کا حامی ہوں، اراکین اسمبلی کی لڑائی قابل افسوس ہے، تالی ایک سے نہیں بجتی، کچھ عرصے سے تحریک انصاف کی جانب سے جو حالات پیدا کیے گئے ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔

گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہو ئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ہدایت ہے

کہ ن لیگ والے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں لیکن اگر ایک آدمی کسی کو مکا مارے گا تو دوسرا اسے سیلوٹ تو نہیں کرے گا ،اس افسوسناک واقعے پرا سپیکر قومی اسمبلی نے کارروائی کی ہے اس کی انکوائری کی جارہی ہے۔ پارٹی قائد کو چاہیے کہ وہ اپنے ممبران کو ہدایت کریں کہ وہ اس طرح کا ماحول پیدا نہ کریں کیونکہ اس
طرح کی حرکات سے کسی کو کچھ ملنے والا نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا کسی بھی حوالے سے پاناما لیکس میں نام نہیں ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کا امیج دنیا بھر میں تبدیل ہو رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈان لیکس پر کمیشن اپنا کام کر رہا ہے تاہم کمیشن نے ابھی رپورٹ جمع نہیں کرائی رپورٹ کے آنے میں تاخیر سے کوئی نقصان نہیں ہو گا ان شاء اللہ ڈان لیکس کمیشن کی رپورٹ کا حشر حمود الرحمن کمیشن جیسا نہیں ہو گا میں اس بات کا حامی ہوں کہ ڈان لیکس کی رپورٹ کو عام کیا جائے