سلامتی کونسل کی قرارداد سے اسرائیل کی دُم کو لگی آگ بجھ نہ سکی،نیتن یاہو نے تھریسامے سے ملاقات سے انکار کردیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 28, 2016 | 13:41 شام

مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ) فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں قرارداد منظور ہوتے ہی اس نے اپنا سب کچھ داﺅ پر لگا دیا ہے۔ اسرائیل نے امریکہ کے بعد برطانیہ سے بھی تعلقات خراب کرنا شروع کردیئے ہیں، اسرائیلی وزیراعظم کی برطانوی وزیراعظم تھریسامے سے جنوری کی 17 سے 20 کے درمیان مجوزہ ملاقات کو منسوخ کردیا ہے۔ ادھر اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا سلامتی کونسل میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کی قرارداد کے حق میں ووٹ دینے والے ممالک سے تعلقات کم کررہے ہیں

۔ ادھر قرارداد کی منظوری اور عالمی برادری کے دباﺅ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے رواں ہفتے مشرقی بیت المقدس میں یہودیوں کیلئے مزید ہزاروں مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ آج کمیٹی اس معاملے پر بحث کرے گی کہ 618 یونٹس کی تعمیر کیلئے پرمٹس جاری کئے جائیں۔ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن کے صائب عریقات کا کہنا ہے کہ فلسطینی قیادت جنیوا کنونشن کے میزبان ملک سوئٹزرلینڈ سے کہے گی کہ وہ تمام فریق ممالک کا ایک اجلاس طلب کرے اور مقبوضہ فلسطین سمیت مشرقی یروشلم میں اسرائیلی جرائم کو روکنے کے لئے ضروری اقدامات کرے۔ اسرائیلی قبضے کا بائیکاٹ کرنے کے لئے مختلف ممالک کے ساتھ رابطے بھی کئے جائیں گے