ڈرون اب بارودی مواد اور منشیات بھی تباہ کرے گا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 19, 2016 | 16:45 شام

 

تل ابیب (شفق ڈیسک) یہ دنیا کا واحد ڈرون ہے جو لیزر اور دیگر سافٹ ویئر کی مدد سے دھماکا خیز مواد اور دیگر مضر اشیا شناخت کر سکتا ہے۔ آئے دن آپ ڈرون کے متعلق حیرت انگیز خبریں پڑھتے رہتے ہیں لیکن اب ایسا ڈرون بھی بنا لیا گیا ہے جو کئی کلو میٹر دوری سے منشیات اور بارودی مواد کو شناخت کر سکتا ہے۔ اسرائیلی کمپنی کے تیارکردہ اس ڈرون کو ’’اسپیکٹروڈرون‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو کئی مختلف ویولینتھ (طول موج) کی لیزر خارج کرتا ہے۔ اس میں موجود لیزر رینج فائنڈر، تفصیلی کیمرہ، اسپیکٹرومیٹر اور سافٹ ویئر اور الگورتھم مل کر خطرناک اجزاء کی شناخت ممکن بناتے ہیں۔ ڈرون پر نصب یہ نظام خود کار انداز میں کسی خطرے کا تجزیہ کرتا ہے اور 3 کلو میٹر کے دائرے کا جائزہ لیتے ہوئے ہاتھوں ہاتھ اسکی اطلاع کنٹرول روم تک پہنچاتا ہے۔ ڈرون میں جدید اسپیکٹرو سکوپی تکنیک استعمال کی جاتی ہے جس میں ایل آئی بی ایس، رامن اسپیکٹرواسکوپی اور فلوریسنس (چمک) پھانپنے والے نظام سے مدد لی جاتی ہے۔ ایل ڈی ایس کے سربراہ کیمطابق یہ دہشتگردی کیخلاف استعمال ہونیوالی ایک زبردست اور قابلِ اعتبار ٹیکنالوجی ہے۔ اپنی ٹیکنالوجی کی بدولت یہ ڈرون ٹھوس، مائع اور گیس کی صورت میں دھماکا خیز مواد اور زہریلا مواد شناخت کر سکتا ہے اور اسے فوجی اور شہری دونوں طرح کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کسی بھی خطرے کی صورت میں یہ کنٹرول روم تک تفصیلی تصاویر اور معلومات روانہ کرتا ہے۔ اس کا لیزر سسٹم کسی روبوٹ اور کار پر بھی نصب کیا جاسکتا ہے۔