ترکی:نائٹ کلب میں فائرنگ کرنے والا دہشت گرد ڈرامائی انداز میں گرفتار، اس کا تعلق کس ملک سے ہے؟جان کر سب دنگ رہ جائیں گے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 17, 2017 | 05:50 صبح

انقرہ (ویب ڈیسک) ترک میڈیا نے خبر دی ہے کہ نئے سال کی تقریبات کے موقعے پر استنبول کے رینا کلب میں حملہ کر کے متعدد افراد کو ہلاک کرنے والے حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ عبدالقادر ماشاریپوف نے رینا کلب میں نئے سال کی پارٹی کے موقعے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 39 افراد مارے گئے۔

اطلاعات کے مطابق انھیں استنبول کے ایسن یورت علاقے سے پکڑا گیا ہے۔

p>

رائنا کلب کے حملے میں مقامی باشندوں کے علاوہ اسرائیل، فرانس، بیلجیئم تیونس، لبنان، انڈیا، اردن اور سعودی عرب کے شہری ہلاک یا زخمی ہوئے تھے۔

شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ حملہ اس نے کروایا ہے، اور کہا تھا کہ یہ ترکی کی شام میں فوجی مداخلت کے جواب میں کیا گیا ہے۔ 31 دسمبر اور یکم جنوری کی رات کو ایک حملہ آور ٹیکسی کے ذریعے کلب پہنچا اور گاڑی کی ڈکی سے لمبی نال والی بندوق نکال کر فائرنگ شروع کر دی۔

 اس گرفتاری سے ترک حکام کے سر سے بہت بھاری بوجھ اتر گیا ہو گا۔ تاہم ابھی ان کے لیے بڑا چیلنج یہ ہے کہ وہ انٹیلی جنس کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے دہشت گردی کی اس لہر پر بند باندھنے کی کوشش کریں جس نے ترکی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق عبدالقادر نے وسطی ترکی کے شہر قونیہ میں ایک فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ وہاں ایک عورت، جس کے بارے میں خیال ہے کہ وہ ان کی بیوی ہیں، اور دو بچوں کے ساتھ رہتے تھے۔

ترکی کے این ٹی وی نے کہا ہے کہ پولیس نے انھیں ایک قرغز دوست کے گھر سے گرفتار کیا۔

ترک میڈیا پر ایک تصویر گردش کر رہی ہے جس میں ایک شخص نے خون آلود قمیص پہن رکھی ہے اور اس کے منھ پر زخموں کے نشان ہیں۔

ترک اخبار حریت کے مطابق تفتیش سے قبل ان کا طبی معائنہ کروایا جائے گا۔

ترکی شمالی شام میں دولتِ اسلامیہ سے نبرد آزما ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ وہ کرد علیحدگی پسندوں پر بھی حملے کر رہا ہے۔

آبنائے باسفورس پر واقع رینا استنبول کے مشہور ترین نائٹ کلبوں میں سے ایک تھا۔ یہاں دنیا کے مختلف حصوں سے سیاحوں کے علاوہ گلوکار، اداکار اور کھلاڑی آیا کرتے تھے