اٹلی:عوامی دباؤ کام کر گیا،اگلے وزیر اعظم کون ہونگے ؟ اعلان ہو گیا
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 12, 2016 | 04:38 صبح
لندن (ویب ڈیسک) اٹلی کے صدر سرجیو ماٹاریلا نے قائم مقام وزیراعظم ماتیو رینزی کے وزیر خارجہ پاؤلو جینٹی لونی کو ملک کا نیا وزیراعظم نامزد کر دیا ہے۔ اطالوی صدر نے جینٹی لونی کو آج دوپہر ملاقات کے لیے بلایا تھا اور اِسی ملاقات میں اُن کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی۔ اٹلی میں ماتیو رینزی نے چار دسمبر کے روز ہونے والے دستوری ریفرنڈم میں شکست کے بعد منصبِ وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
نامزدگی کے بعد جینٹی لونی کو پہلے مرحلے میں کابینہ تشکیل دینی ہے۔ وہ اپنی کابینہ کی لسٹ کے ساتھ صدر سے دوبارہ ملاقات کرتے ہوئے نئے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف اٹھانے کے بعد نئے وزیراعظم کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے اعتماد کا ووٹ بھی حاصل کرنا ہوتا ہے۔اگلے چار ایام میں حلف اٹھانے کی صورت میں پاؤلو جینٹی لونی جمعرات سے برسلز میں یورپی یونین کی سمٹ میں بہ طور وزیراعظم شریک ہو سکیں گے