نثار خان کا خودکش جیکٹ پہننے کا اعلان،قریب آنے پر فوجی کو چاقو ماردیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 08, 2016 | 10:33 صبح

لاہور (نیوز ڈیسک) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ساؤتھ کنٹونمنٹ پولیس نے گذشتہ روز ایک چاقو بردار عمر رسیدہ شخص کو گرفتار کیا، جس نے دھمکی دے رکھی تھی کہ وہ اپنی ‘خودکش جیکٹ’ کے ذریعے خود کو اڑا لے گا۔ تاہم بعدازاں اس شخص کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہوا کیونکہ اس کے پاس سے کسی قسم کا دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ پولیس کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق، انھیں اس حوالے سے الرٹ موصول ہوا کہ ایک چاقو بردار شخص جس نے ‘خودکش جیکٹ پہن رکھی ہے’، طفیل روڈ پر کھڑا ہے اور راہگیروں کو یہ کہہ کر خوفزدہ کر رہا ہے کہ اگر کسی نے اس کے قریب آنے کی کوشش کی تو وہ خود کو ‘اڑا’ لے گا۔ پریس ریلیز کے مطابق ابتداء میں ایک فوجی اہلکار نے اس کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکا کیونکہ مذکورہ شخص نے اس کوشش کے دوران چاقو سے اسے زخمی کردیا تھا۔ مزید کہا گیا، ‘اسی دورام ساؤتھ کنٹونمنٹ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) قمر عباس موقع پر پہنچ گئے اور انھوں نے مذکورہ شخص پر قابو پالیا۔’ ملزم کی شناخت خوشاب کے رہائشی 65 سالہ نثار خان کے نام سے ہوئی، جسے تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ایک پولیس عہدیدار کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ شخص کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔