سگنل فری کے بعد جیل روڈ کو رش فری بنانے کی تیاری
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع دسمبر 12, 2016 | 07:34 صبح
:لاہور(مانیٹرنگ)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ جیل روڈ لاہور پر ٹریفک روانی کے مسائل کے حل کے لیے جیل روڈ پر واقع تعلیمی اداروں کے اسٹوڈنٹس کے لیے ایل ٹی سی روٹس شروع کرنے سمیت دیگر متبادل ذرائع مہیا کرنے کے لیے سنجیدہ کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے۔
کمشنر آفس دیو سماج روڈ پر کمشنرلاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت جیل روڈ ٹریفک کی روانی میں مسائل کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان، اے ڈی سی آر لاہور ،ایل ٹی سی لاہور، لاہور کالج آف ہوم اکنامکس، لاہور وویمن یونیورسٹی، اپوا کالج، کنیئرڈ کالج اور پنجاب کارڈیالوجی کے پرنسپل و افسران نے شرکت کی ۔
کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ اجلاس میں متعلقہ تعلیمی اداروں کی جانب سے کیے گئے سروے میں پیش کردہ اعداد و شمار کی روشنی میں ایل ٹی سی کو ہدایت کی ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے ساتھ علیحدہ اجلاس کرکے طلب کو واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے اسٹوڈنٹس کی بڑی تعداد بوجوہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ استعمال کرتی ہے ۔کالجوں کی اپنی ٹرانسپورٹ بڑھانے سمیت متبادل ذرائع مہیا کرکے سڑک پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ کو دور کیا جا سکتا ہے۔ اجلاس میں پیش کئے گئے ڈیٹا سروے میں بتایا گیا کہ پچاس فیصد سے زائد طلبا و طالبات پرائیویٹ ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں جبکہ کالج ،یونیورسٹی کی ٹرانسپورٹ اور ایل ٹی سی کے روٹس استعمال کرنے والوں کی شرح پچیس فیصد سے بھی کم ہے ۔