دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کے کائل ایبٹ نے تباہ کن باؤلنگ کر کے آسٹریلیا کو 80 رنز سے شکست دے دی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 15, 2016 | 16:28 شام

 

آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے مابین ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے میزبان آسٹریلیا کو ایک اننگز اور 80 رنز سے شکست دے دی ہے۔تین میچوں کی اس سیریز میں پہلے دو میچ اپنے نام کر کے جنوبی افریقہ نے یہ سیریز بھی جیت لی ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ ہونا ابھی باقی ہے۔جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا میں یہ مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز میں فتح ہے۔ اس سے قبل 2008-09 اور 2012-13 میں کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز میں بھی جنوبی افریقہ فاتح رہا تھا۔آج جب کھیل کا آغاز ہوا تو

آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے تھے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 120 رنز درکار تھے تاہم منگل کو جنوبی افریقہ کے باولرز نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 161 پر تمام ٹیم آؤٹ کردی۔آسٹریلیا کے آج آؤٹ ہونے والے آٹھ کھلاڑی سکور میں صرف 32 رنز کا اضافہ کر سکے۔میچ کے بعد آسٹریلیا کے کپتان سٹیو سمتھ کا کہنا تھا ’ میں شرمندہ ہوں ، ہم مسلسل پانچ ٹیسٹ ہارے ہیں اور یہ باعثِ شرم ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم مشکل حالات میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پا رہی ہے اور ٹیم کی جانب سے جس معیار کا کھیل پیش کیا جا رہا ہے وہ قابلِ قبول نہیں ہے۔دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ کی جانب سے کائل ایبٹ نے چھ اور کاگیسو ربادا نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 326 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی اور اس طرح اسے آسٹریلیا کی پہلی اننگز کے سکور 85 کے جواب میں اسے 240 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوگئی تھی۔