پولیس کا خوف،فرار کی کوشش یا دھکا ملزم دوسری منزل سے گرگر گیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 18, 2016 | 17:49 شام

 

کراچی(مانیٹرنگ)کراچی کے علاقے کورنگی سے حراست میں لیا گیا مشتبہ ملزم پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے زیر حراست پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ گرفتار مشتبہ شخص نے سول لائنز عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں اسے کئی زخم آئے، جن کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سی ٹی ڈی نوید خواجہ نے کہا کہ ’شعبہ انسداد دہشت گردی کی ٹیم نے ڈیرہ غازی خان پولیس کی اطلاع پر کورنگی کے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 46 سالہ عبد الحمید کو گرفتار کیا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سی ٹی ڈی ٹیم عبد الحمید کو سول لائنز میں اپنے دفتر لے کر آئی اور غیر قانونی ہتھیار رکھنے کے جرم میں اس کے خلاف مقدمہ درج کیا، جو کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے برآمد کیا گیا تھا۔‘

نوید خواجہ نے دعویٰ کیا کہ عبد الحمید مختلف جرائم کے 9 مقدمات میں مطلوب تھا اور اسے ڈیرہ غازی خان کی مقامی عدالتوں کی جانب سے قتل کے دو مقدمات میں مفرور قرار دیا گیا تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’جمعہ کی صبح عبد الحمید سی ٹی ڈی دفتر کی دوسری منزل پر واقع بیت الخلا گیا، باہر آنے کے بعد اس نے پولیس کانسٹیبک کو دھکا دے کر عمارت کی دوسری منزل سے چھلانگ لگادی۔‘

پولیس نے ڈان کو مزید بتایا کہ مشتبہ ملزم کو اونچائی سے چھلانگ لگانے کے باعث شدید چوٹیں آئیں، جس کے باعث اسے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

تاہم ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر کلیم شیخ نے انکشاف کیا کہ عبد الحمید ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’چونکہ ملزم کی ہلاکت زیر حراست ہوئی اس لیے متعلقہ مجسٹریٹ کو اس کے پوسٹ مارٹم کے لیے مطلع کیا گیا، تاکہ ہلاکت کی اصل وجوہات معلوم کی جاسکیں۔‘

ایس ایس پی خواجہ نے ڈان کو بتایا کہ ’واقعے کی محکمانہ انکوائری شروع کردی گئی ہے، جبکہ مجسٹریٹ کی جانب سے اس کی عدالتی تحقیقات کے بھی امکانات ہیں۔‘