کالا باغ ڈیم ،تعمیر کی تیاریاں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 01, 2016 | 13:22 شام

کالاباغ ڈیم کی تعمیر ماسٹر پلان میں شامل اسلام آباد (مانیٹرنگ)کالا باغ کی ایک بار پھر موہوم سی امید لگ گئی ۔حکومت نے سینٹ کو بتایا ہے کہ ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کو فروغ دینے کا ماسٹر پلان تشکیل دیا ہے، جس کے تحت کالا باغ ڈیم کو بھی ہائیڈل پاور پراجیکٹ کے تعمیرات کیلئے تیار منصوبوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ جس کے تحت ملک بھر میں ہائیڈرو پاور کے 7منصوبے زیر تعمیر ہیں جبکہ تین منصوبے تعمیرکیلئے تیار ہیں، 12منصوبے ابھی منصوبہ بندی کے مراحل میں ہیں، پر
ائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ نجی شعبے میں تیاری کیلئے 16ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کیلئے سہولیات فراہم کر رہا ہے، ان منصوبوں سے 6339میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، منصوبوں کا آغاز 2017سے 2024کے عر صے میں ہوگا،ان میں سے 2690 میگاواٹ کے تین منصوبے پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ہیں۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ ا ٹھارویں آئینی ترمیم کے بعد صوبے چھوٹے ڈیم بنا سکتے ہیں، دیامر بھاشا ڈیم پر آئندہ سال سے کام شروع ہو جائے گا، منگلا ڈیم میں اپ ریزنگ کی گنجائش موجود ہے، ملک میں متنازعہ ڈیموں پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جا سکتی ہے۔ سینیٹر عثمان کاکڑ نے کہا کہ کالا باغ ڈیم متنازعہ ہے، اس کا نام بھی نہ لیا جائے۔ جس پر وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ کالا باغ ڈیم سے 3600 میگا واٹ بجلی حاصل ہو سکتی ہے،کالاباغ ڈیم کو ہائیڈرل پاور پراجیکٹ کے تعمیرات کیلئے تیارمنصوبوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے، اس سلسلے میں بے شک پارلیمنٹ میں بحث کرا لی جائے۔