' کامنی کوشل کی دلیپ کمار کے ساتھ کچھ یادیں'

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 11, 2016 | 18:32 شام

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک):دلیپ کمار اور اداکارہ کامنی کوشل نے کئی فلموں میں اہم کردار ادا کیا ہےانڈیا کے معروف اداکار دلیپ کمار آج 94 سال کے ہو گئے ہیں اور ان کے ساتھ فلم 'شہید' (1948)، 'ندیا کے پار' (1949)، 'شبنم' (1949) اور 'آرزو' (1950) جیسی ہٹ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ کامنی کوشل 89 سال کی ہیں۔گذشتہ برس ایک بات چیت میں کامنی کوشل نے بتایا کہ دونوں ہی کافی عرصے سے ایک دوسرے سے ملے نہیں ہیں اور نہ ہی کوئی بات ہوئی ہے لیکن انھیں دلیپ کمار کی جانب سے محبت کا

اظہار یاد ہے۔ دلیپ کمار کی سوانح عمری میں کامنی کوشل کی جانب کشش کا ذکر ہے۔دلیپ کمار کو یاد کرتے ہوئے کامنی کوشل نے بتایا تھا: 'میں فلموں کو بہت سنجیدگی سے نہیں لیتی تھی کیونکہ ہمارا کام ہی فلموں میں کام کرنا تھا اور زندگی فلموں سے باہر تھی۔ فلموں کے باہر دلیپ کمار سے میرا رشتہ بہت ہی مختلف تھا۔'فلم شہید میں پہلی بار دلیپ کمار اور کامنی کوشل نے ایک ساتھ کام کیاانھوں نے بتایا: 'ہاں مجھے معلوم ہے کہ دلیپ کے دل میں کیا تھا۔ ایسا ہوتا ہے، آپ کسی کی جانب کشش محسوس کرتے ہیں، محبت کرتے ہیں لیکن ذاتی زندگی میں آپ کی مجبوریاں ہوتی ہیں جن کے سبب آپ بے بس ہوتے ہیں۔'دراصل جس وقت دلیپ کمار نے کامنی کوشل سے اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا اس وقت تک ان کی شادی ہو چکی تھی۔اس کے بعد کے حالات پر کامنی کوشل کا کہنا تھا: 'مجھ پر میری بہن کی دو بیٹیوں کی ذمہ داری تھی۔ ان کے لیے میں نے اپنی بہن کے شوہر سے شادی کی۔ میرے لیے ہمیشہ ہی خاندان اہمیت کا حامل رہا۔ ایسے میں کسی دوسری تجویز یا محبت کے لیے جگہ نہیں تھی۔'کامنی کوشل نے ایک عرصے کے بعد دلیپ کمار کے ساتھ کام کرنا بند کر دیا تھا۔ شاید اس کی وجہ دلیپ کمار کا اظہار عشق تھا جسے کامنی کوشل قبول نہیں کر سکی تھیں۔

راج کپور دیو آنند اور دلیپ کمار اپنے زمانے کے بہترین اداکار کے علاوہ دوست بھی تھےعمر کے ساتھ کامنی کوشل کی یادداشت قدرے کمزور محسوس ہو رہی تھی لیکن انھیں یاد تھا کہ سائرہ بانو سے پارٹیوں میں ہونے والی اکا دکا ملاقاتوں اور دو مرتبہ فون پر حال احوال پوچھنے کے علاوہ زیادہ بات نہیں ہوئی۔دلیپ کمار سے اپنی آخری ملاقات کو یاد کرکے وہ تھوڑی جذباتی ہو گئیں: 'میں نے کئی بار ان کو فون کیا لیکن بات نہیں ہو سکی اور پھر ایک دن ایک فلم ایوارڈ تقریب کے دوران مجھے وہ پہلی قطار میں بیٹھے نظر آئے۔'کامنی کوشل نے بتایا: 'میں انتہائی خوشی سے ان کے پاس گئی اور کچھ دیر بیٹھی پھر انھوں نے میری طرف دیکھا لیکن پہچانا نہیں۔ ایسا لگا جیسے انھوں نے میرے آر پار دیکھا ہو۔ جیسے میں وہاں تھی ہی نہیں۔ یہ دلدوز تجربہ تھا۔'کامنی کوشل کو بتایا گیا کہ دلیپ کمار کی طبیعت اب ٹھیک نہیں رہتی اور وہ بس سنتے ہیں زیادہ بولتے نہیں، ان کا ہر کام سائرہ بانو ہی کرتی ہیں۔شبنم کے پوسٹر میں دلیپ کمار سے پہلے کامنی کوشل کا نام بتاتا ہے کہ انھیں اس وقت دلیپ کمار سے زیادہ اہمیت حاصل تھیدلیپ کمار سے اپنی اس ملاقات کے بارے میں انھوں نے کہا: 'مجھے ان کا بہت دکھ ہے اور مجھے لگتا ہے کہ سائرہ کو اب دلیپ کو اس طرح عوام کے سامنے نہیں لے جانا چاہیے، اس طرح اچھا نہیں لگتا، وہ کمال کی توانائی والا کرشمائی آدمی ایسے بت بنا اچھا نہیں لگتا۔۔۔ بس پھر ہم نہیں ملے، میں نے ملنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ مجھے یاد ہے، وہ مجھے نہیں پہچانتے۔'دلیپ کمار کے ساتھ اپنی کچھ پرانی تصاویر کو کامنی کوشل نے سنبھال کر رکھا تھا لیکن وہ تصاویر اب امریکہ میں رہنے والے ان بیٹے کے پاس ہیں۔

وہ کہتی ہیں: 'میں نے اسے وہ تصاویر کلکشن کے لیے لے جانے دیں، کیونکہ اب میں ان کا کیا کرتی۔'