کراچی کے ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں خوفناک آتشزدگی پندرہ افراد ہلاک ستر زخمی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 05, 2016 | 07:24 صبح

کراچی (مانیٹرنگ)پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں پیر کی صبح شارع فیصل پر ایک مقامی ہوٹل میں آگ لگنے سے 11 افراد ہلاک جبکہ 74 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔یہ حادثہ شارع فیصل پر واقع ریجنٹ پلازہ ہوٹل میں پیش آیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق زخمیوں کو جناح ہسپتال کراچی میں داخل کروا دیا گیا ہے۔

جناح ہسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ہلاک شدگان میں چار خواتین بھی شامل ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے وقوع پر ابتدائی امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہیں اور آگ پر

مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔

علی الصباح آگ لگنے کے بعد ہوٹل کی عمارت میں دھواں بھر جانے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کے عملے کو مشکلات کا سامنا رہا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے حادثے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار بھی کیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے تحقیقات کے حوالے سے سوال اٹھائے ہیں کہ شہر میں تمام ہوٹلز اور عمارتوں کی انسپیکشن کر کے رپورٹ دی جائے کہ ان عمارتوں میں ایمرجنسی گیٹ اور آگ بجھانے کا بندوبست ہے یا نہیں؟

مقامی ٹی وی چینلز پر حادثے کے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوٹل کے کچھ مہمان ہوٹل کی مختلف منزلوں سے کھڑکیاں توڑ کر بیڈ شیٹوں کی مدد سے باہر نکلے۔