رینجرز تمام حقائق سامنے لے آئے ، کراچی والوں کیلئے بڑی خبر آگئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 29, 2016 | 15:59 شام

 

کراچی (مانیٹرنگ رپورٹ) سندھ رینجرز نے سال 2016 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق دہشت گردی کے واقعات میں 72 فیصد اور ٹارگٹ کلنگ میں 91 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

پاکستان رینجرز سندھ نے سال 2016 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ رینجرزنے سال 2016 میں ایک ہزار 992 آپریشن کیے جن میں 2 ہزار 847 گرفتاریاں ہوئیں جب کہ آپریشنز کے دوران 350 دہشت گرد اور 446 ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2016 میں گرفتار ہونے والے 87 ٹارگٹ کلرز کا تعلق لیاری گینگ وار، 348 کا سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ جب کہ 11 کا مذہبی جماعتوں سے ہے۔

رینجرز رپورٹ کے مطابق رواں سال کارروائیوں کے دوران ایک ہزار 845 مختلف اقسام کا اسلحہ اور ایک لاکھ 94 ہزار سے زائد مختلف اقسام کی گولیاں بھی برآمد کی گئیں جب کہ رواں سال رینجرز کی جانب سے 13 مغویوں کو بھی بازیاب کرایا گیا اور کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 5 رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے۔رپورٹ میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ سے متعلق بتایا گیا ہے کہ رواں سال دہشت گردی کے واقعات میں 72 فیصد، ٹارگٹ کلنگ میں 91 فیصد، بھتہ خوری میں 93 فیصد جب کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں 86 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔