کرینہ کپورکے گھرخوشیاں ،مبارکباددینےوالوں کی قطاریں،مداحوں کےلئے تفصیلات جاری

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع دسمبر 20, 2016 | 12:25 شام

 

ممبئی (مانیٹرنگ رپورٹ) بالی ووڈ کپل، سیف علی خان اور کرینہ المعروف بیبو تمام ترافواہوں کے بعد بالاخر آج بیٹے کے والدین بن گئے ہیں ۔ کرینہ کپور کے ہاں بریچ کینڈی ہسپتال میں لڑکا پیدا ہوا اور ڈاکٹروں کے مطابق اداکارہ اور نومولود دونوں صحت مند ہیں۔

کرینہ کے باپ اداکارہ رندھیر کپور نے خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم خوش ہیں، بچہ بالکل ٹھیک ہے اور اس کی ماں بھی۔ ہم سب بہت ہی زیادہ خوش ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کرینہ کپور کو جب ہسپتال لایا گیا تو پورا خان اور کپور خاندان

ہی ان کے ہمراہ تھا۔ سیف اور کرینہ کی جانب سے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مداحوں کو یہ خوشی کی خبر سنائی گئی۔فلمساز کرن جوہرکے کرینہ اور ان کے خاندان سے بہت قریبی تعلقات ہیں،انہوں نے بھی اس حوالے سے دلچسپ ٹویٹ کیا۔کرن جوہر نے کرینہ کا پیار کا نام ” بیبو “ استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ میری بیبو کا بیٹا ہوا ہے، میں بہت خوش ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سیف علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ہمارے تعلقات کا ایک بڑا اظہار ہے اور بچے کی پیدائش سے ہم مکمل ہو جائیں گے۔ بچہ ہم دونوں کا ہے اس لئے یہ ایک بہت ہی زبردست احساس ہے۔ 
دلچسپ امر یہ ہے کہ بچے کی پیدائش سے تقریباً دو ماہ قبل ہی اس کے نام کی افواہیں بھی گردش کرنا شروع ہو گئی تھیں اور کہا جا رہا تھا کہ اس کا نام ”سیفنا“ رکھا جائے گا۔ ان افواہوں کا آغاز اس وقت ہوا جب کرینہ کپور نے ایک پروگرام کے دوران انتہائی خوشگوار ماحول میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیف کو یہ بہت ہی مزاحیہ لگا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ ہم اپنے بچے کا نام سیفینا رکھیں گے۔ اس بیان کے بعد چلنے والی خبروں اور افواہوں کو ختم کرنے کیلئے سیف علی خان کو باقاعدہ ایک بیان جاری کرنا پڑا تھا اور تب کہیں جا کر ان افواہوں کا خاتمہ ہوا تھا۔