جے پور راجستھان 8 کشمیری طلبہ کو انتہاپسند ہندوﺅں نے بیس بال بیٹ سے سرعام تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 20, 2017 | 06:53 صبح

جے پور+ سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع چتوڑ گڑھ کی میواڑ یونیورسٹی کے 8 کشمیری طلبہ کو انتہاپسند ہندوﺅں نے بیس بال بیٹ سے سرعام تشدد کا نشانہ بناکر شدید زخمی کر دیا۔ بتایا گیا ہے عدیل‘ ثاقب‘ جنید اور سہیل اپنے ساتھیوں کے ساتھ گزشتہ شام کسی کام سے کیمپس سے باہر نکلے تو گنگانگر کے قریب تاک میں بیٹھے ہندو غنڈوں نے ان پر چاروں طرف سے حملہ کر دیا‘ حملہ آور کہہ رہے تھے تم کشمیری ہماری فوج اور پولیس کے جوانوں پر پتھراﺅ کرتے ہو ہم تمہیں اسکا سبق سکھائیں گے۔ زخم

ی کشمیری طلبہ کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا جبکہ میواڑ یونیورسٹی کے سینکڑوں طلبا و طالبات نے اس غنڈہ گردی کیخلاف اگلے روز مظاہرہ کیا۔ انہوں نے حملہ آوروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف چتوڑ گڑھ پولیس نے ڈھٹائی سے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی کشمیری طالب علم واقعہ میں زخمی نہیں ہوا۔ دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور نوجوان شہید ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ زانگلپورہ کولگام کا رہائشی مظفر احمد میر 9 اپریل کو ضمنی الیکشن ڈرامے کے روز بھارتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا۔ وہ گذشتہ روز سری نگر کے صورہ ہسپتال میں دم توڑ گیا‘ نوجوان کی شہادت کی خبر پھیلتے ہی گاندربل میں دکانداروں نے اپنی دکانیں بند کر دیں اور لوگ بھارتی مظالم کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے۔ دوسری طرف طلبا و طالبات کے بھارتی تسلط کیخلاف مظاہرے بدھ کو بھی جاری رہے۔ سینکڑوں طلبا نے سری نگر بارہمولہ شاہراہ پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے گھنٹوں تک ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ کٹھ پتلی انتظامیہ نے طلبا نے شدید احتجاج کے پیش نظر وادی بھر کے تعلیمی ادارے مزید 2 روز آج اور کل بند رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔ علاوہ ازیں راجوڑی کے علاقے بھمبر ککی میں آگ لگنے سے 2 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے۔ علاوہ ازیں پلوامہ ڈگری کالج میں بھارتی فوج کی شیلنگ اور آنسو گیس کا شیل سر میں لگنے اور کھونپڑی ٹوٹ جانے سے طالبہ اقراءکی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ علاوہ ازیں حریت قیادت نے کل جمعہ کو فوج اور پولیس کے تشدد کے خلاف طلبا سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہروں اور ہڑتال کی کال دیدی ہے۔ حریت رہنما محمد یاسین ملک نے کشمیری مزدور نوجوان مظفر احمد میر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انکی قربانی رنگ لائیگی۔ بھارت نے عالمی برادری کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے الیکشن ڈرامہ رچایا۔