مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین نے نگروٹافوجی کیمپ اڑا دیا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع نومبر 29, 2016 | 18:08 شام

سرینگر(مانیٹرنگ)مقبوضہ کشمیر کے علاقے نگروٹا میں مسلح افراد نے آرمی کیمپ پر حملہ کردیا۔ حملے میں ایک بھارتی میجر سمیت 2 فوجی ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روزسرینگر کے علاقے نگروٹا میں نامعلوم مسلح افراد نے بھارتی فوج کے کمپاونڈ پر حملہ کردیا۔ مسلح افراد کی جانب سے کمپانوڈ میں گرنیڈ پھینکے گئے۔بھارتی فوج اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں ایک بھارتی میجر سمیت 2 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ فوجی کمپانڈ سے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں بھی آرہی ہیں۔بھارتی فوج نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید نفری کو نگروٹا کی جانب روانہ کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مسلح افراد اور بھارتی فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری رہا۔ حملے کے باعث انتظامیہ نے علاقے کے اسکولوں کو بند کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔اس سے قبل بھی ضلع بارہ مولہ کے قصبے اڑی میں قائم بھارتی فوجی مرکز پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 17 فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔