پیگی وٹسن دنیا کی معمر ترین خلاء نورد
تحریر: فضل حسین اعوان
| شائع نومبر 18, 2016 | 17:53 شام
قازقستان (شفق ڈیسک) 56 سالہ امریکی خلاء نورد خاتون پیگی وٹسن آج قازقستان کے بیکانور کوسموڈروم سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کیلئے روانہ ہو گئی ہیں اور اس طرح انہوں نے معمر ترین خلاء نورد کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔ وٹسن سب سے پہلے 2002ء میں اور پھر 2007ء میں بین الاقوامی خلائی سٹیشن پہنچی تھیں جبکہ 2007ء میں انہوں نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کی خاتون کمانڈر ہونیکا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔ اس مرتبہ وہ مئی 2017ء تک وہاں قیام کریگی جس دوران وہ فروری 2017ء میں دوسری مرتبہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کی کمان سنبھال کر خواتین خلاء نوردوں میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کریگی اور 9 فروری 2017ء کے روز اپنی 57 ویں سالگرہ بھی بین الاقوامی خلائی سٹیشن ہی پر منائیں گی۔ وہ آج بیکانور کوسموڈروم، قازقستان سے روسی ’’سویوز‘‘ راکٹ کے ذریعے خلاء میں روانہ ہوئیں۔ ان کے ہمراہ ایک روسی اور ایک فرانسیسی خلاء نورد بھی ہیں۔ 3 افراد کا یہ عملہ ہفتے کے روز بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر پہنچے گا جہاں پہلے ہی ایک امریکی اور دو روسی خلاء نورد موجود ہیں۔ پیگی وٹسن جو بائیو کیمسٹری میں اعلیٰ ڈگری رکھتی ہیں بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ مختلف طبی اور سائنسی تجربات بھی انجام دیں گی۔ جب انکا مشن ختم ہوگا تو وہ کسی بھی دوسرے امریکی خلاء نورد کے مقابلے میں سب سے زیادہ وقت خلاء میں گزار چکی ہونگی۔ اب تک یہ اعزاز جیف ولیمز کے پاس ہے جنہوں نے مجموعی طور پر 534ء دن خلاء میں گزارے ہیں۔