خواجہ سرا تین میں نہ تیرہ سے نکل کر گنتی میں آگئے،فیصلہ سنتے ہی ٹھمکے

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 09, 2017 | 11:35 صبح

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت نے خواجہ سراؤں کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ مردم شماری میں خواجہ سراؤں کو بھی شامل کیا جائے گا

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں مردم شماری میں خواجہ سراﺅں کو شامل کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت میں ڈپٹی اٹارنی جنرل اور وزارت بہبود آبادی کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران درخواست گزار نے مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سراﺅں کو آئین کے مطابق بنیادی حقوق حاصل نہیں، خواجہ سراﺅں سے امتیازی سلوک کیا جاتا ہے

۔درخواست گزار کے بیان پر عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ خواجہ سراﺅں کو بھی مردم شماری میں شامل کیا جائے، اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مردم شماری میں خواجہ سراؤں کو شامل کیا جائے گا۔ شناختی کارڈ کے حوالے سے بھی عدالت نے استفسار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے دریافت کیا تو وزارت بہبود آبادی کے نمائندے کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ میں خواجہ سراؤں کا علیحدہ خانہ رکھ دیا ہے۔