بیس سالہ لڑکی پراسرار طور پر لاپتہ

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع جنوری 20, 2017 | 14:16 شام


نیویارک (ماینٹرنگ رپورٹ) لاپتہ افراد کا ذکر ہمارے ہاں تو اکثر سننے کو ملتا ہے لیکن چار روز قبل امریکی ریاست میسوری سے بھی ایک نوجوان لڑکی پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی، اور ایسی لاپتہ ہوئی ہے کہ امریکی پولیس اور ایجنسیاں سرتوڑ کوشش کے باوجود تاحال اس کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں۔ 
ذرائع کے مطابق 20 سالہ ٹونی اینڈرسن اتوار کی صبح چار بجے ایک شراب خانے سے گھر کے لئے روانہ ہوئیں، جہاں وہ پارٹ ٹائم ملازمت کرتی تھیں، لیکن چار بجکر 42منٹ پر غائب ہوگئیں۔ ٹونی اینڈرسن کی قریبی سہیلی رک

سانے ٹانسینڈ نے پولیس کو بتایا کہ انہیں ٹونی کی جانب سے موصول ہونے والے آخری میسج میں لکھا تھا ”اوہ میرے خدا۔۔۔ مجھے ایک بار پھر روک لیا گیا ہے۔“ رکسانے کا کہنا ہے کہ ٹونی کو اکثر پولیس اہلکار روک لیتے تھے جس کی وجہ سے اس نے لکھا کہ اسے ایک بار پھر روک لیا گیا ہے۔


کنساس سٹی پولیس نے پہلے تو یہ تسلیم کرنے سے انکار کیا کہ ٹونی کو اس رات کسی اہلکار نے روکا تھا، تاہم بعدمیں اعتراف کرلیا کہ ایک پٹرول سٹیشن کے قریب اسے روکا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹونی کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر روکا گیا تھا تاہم اس کا کہنا تھا کہ پٹرول بہت کم رہ جانے کی وجہ سے وہ لین تبدیل کرنے کی جلدی میں تھی، جس کی وجہ سے غلطی ہوئی۔ پولیس کے مطابق ٹونی کو جانے کی اجازت دے گئی اور اسے روکنے والے اہلکار نے اسے کوئیک ٹرپ پٹرول سٹیشن پر جاتے دیکھا، تاہم اس پٹرول سٹیشن کے بعد گویا وہ غائب ہی ہوگئی اور اب تک اس کا پتہ نہیں چل سکا۔ اس کے گھر والوں، دوستوں عزیزوں اور جاننے والوں میں سے کسی کو بھی معلوم نہیں کہ وہ کہاں چلی گئی، اور پولیس بھی تاحال کچھ پتہ چلانے میں ناکام ہے۔