دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک):شاہ رُخ خان کی طرف سے اپنی رواں ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’رئیس‘ کی پبلسٹی کے لیے منعقد کیے جانے والے ایک ایونٹ کے دوران ایک شائق کی موت ہو گئی ہے۔ بھارتی حکام نے اس معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔بالی وُڈ سپر اسٹار شاہ رُخ خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے گجرات کے ریلوے اسٹیشن پر بھگدڑ مچ جانے کے باعث ایک 45 سالہ شخص فرید خان پٹھان بے ہوش ہو گیا اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ شاہ رُخ خان اپنی فلم ’رئیس‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں بذریعہ ٹرین نئی دہلی جاتے ہوئے مختلف اسٹیشنوں پر رُک کر اپنے مداحوں سے ملاقات کر رہے تھے۔ تاہم گجرات ریلوے اسٹیشن پر بہت زیادہ لوگوں کی موجودگی اور پھر مداحوں کی طرف سے سپر اسٹار کے قریب جا کر تصاویر بنانے کی کوشش کے دوران وہاں بھگدڑ مچ گئی، جس کی زد میں کئی لوگ آئے۔بھارتی ریلوے منسٹر سریش پربھو نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے پولیس کو اس معاملے کی تحقیقات اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم دے دیا ہے۔
ٹیلی وژن پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں لوگوں کا ایک بڑا ہجوم ٹرین کی اُس بوگی کی طرف بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے، جس میں شاہ رُخ خان سوار تھے۔ اس دوران تصاویر بنانے کے خواہشمند مداح ایک دوسرے سے دھکم پیل کرتے بھی دیکھے جا سکتے ہیں جبکہ ڈنڈا بردار پولیس اہلکار ہجوم پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف نظر آتے ہیں۔لیکن لوگوں کے اس ہجوم کو قابو کرنا مشکل ترین کام تھا۔ ریلوے پولیس کے ایک سینیئر افسر شرد سنگھال کے مطابق اس افراتفری کے سبب دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔سنگھال کے مطابق پولیس یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ فلم کے منتظمین نے اس پبلسٹی ایونٹ کے لیے پہلے سے اجازت لی تھی یا نہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا، ’’ہم تفتیش کریں گے کہ آیا پولیس اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہی یا پھر منتظمین نے قواعد و ضوابط پر عمل نہیں کیا۔‘‘شرد سنھگال کا مزید کہنا تھا، ’’ہم ذمہ دار افراد کے خلاف ضرور کارروائی کریں گے، بھلے وہ شاہ رُخ خان ہی کیوں نہ ہوں۔‘‘51 سالہ کنگ خان نے اس شخص کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نئی دہلی پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خان کا کہنا تھا، ’’یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ کسی کی موت ہو گئی۔۔۔ میری دعائیں اس کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ایک بار پھر آپ کو بتا دیں کہ کنگ خان کی آںے والی فلم کی تشہیر کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے بہر سے افراد ذخمی اور ایک ہلاک ہوا ہے۔اور دوسری طرف‘‘فلم ’رئیس‘ کو رواں ہفتے بھارتی سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔