دوست کے ساتھ کھڑا ہونے پر کوڑوں کی سزا

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 18, 2016 | 19:20 شام

 

 

 

.jpg" />

 

جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) انڈونیشیاءمیں اسلامی قوانین کی خلاف ورزی پر ایک اور لڑکی کو سرعام کوڑے مارنے کی سزا دے دی گئی ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق اس نامعلوم لڑکی کو اپنے بوائے فرینڈ کے انتہائی قریب کھڑے ہونے کے جرم میں 23کوڑنے مارے گئے۔ لڑکی کو سزا دیئے جانے کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید لباس میں ملبوس لڑکی کو بلند چبوترے کے اوپر زمین پر اکڑوں بٹھا کر اس کی پیٹھ پر کوڑے مارے جا رہے ہوتے ہیں اور وہ درد سے چلا رہی ہوتی ہے۔


رپورٹ کے مطابق اس لڑکی کی عمر 21سے 30سال کے درمیان تھی جسے پیر کے روز سزا دی گئی۔ اس کے ساتھ 6اور جوڑوں کو بھی خلوت میں وقت گزارنے اور زیادہ قریب آنے کے جرم میں کوڑے مارے گئے۔مجرموں میں ایک 22سالہ حاملہ لڑکی بھی شامل تھی جسے سزا نہیں دی گئی۔ حکام نے اس کی سزا بچے کی پیدائش تک موقوف کر دی۔ اب اسے بچے کو جنم دینے کے بعد یہ سزا دی جائے گی۔ واضح رہے کہ انڈونیشیاءکے صوبہ آچے میں شرعی قوانین نافذ ہیں جن کے تحت جواء، شراب نوشی، ہم جنس پرستی، زناءو دیگر جرائم پر اسلامی سزائیں دی جاتی ہیں۔