وفاق کا خیبر پی کے کو چکر،چین نے بھانڈہ پھوڑ دیاخٹک کوتِیلی لگ گئی

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اکتوبر 03, 2016 | 18:21 شام

پشاور(مانیٹرنگ )مرکزی حکومت اور خیبر پی کے، کے درمیان اختلافات کی خلیج مزید وسیع ہوگئی۔ پاکستان میں متعین چینی سفیر نے خیبر پختونخوا حکومت کو سرکاری طور پر آگاہ کیا ہے کہ ” مغربی روٹ “ پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ نہیں جس پر صوبائی حکومت نے وفاق کی جانب سے صوبہ کی حق تلفی کیخلاف احتجاجی تحریک چلانے، تمام اضلاع میں جلسوں ، مظاہروں اور رابطہ عوام مہم چلانے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مغربی روٹ کو عملی جامہ نہ پہنایا گیا تو تحریک انصاف نہ صرف اسمبلیوں سے استعفے دےگی بلکہ حکومت چھوڑنے سے بھی دریغ نہیں کرے گی۔ صوبائی حکومت نے صوبہ کی سیاسی قیادت اورپارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینے اور مشترکہ حکمت عملی کیلئے کل جماعتی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیرصدارت سرکردہ صوبائی وزرا کے ہنگامی اجلاس میںعوام سے رجوع کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے اور وفاقی حکومت کو یاد دلایا ہے کہ مغربی روٹ کو سی پیک میں شامل نہ کرنا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس اور کل جماعتی کانفرنس کے فیصلوں کے منافی ہے۔روزنامہ جنگ کےمطابق خیبر پختونخوا حکومت نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کی اصل صورت حال کے بارے میں آگاہی کیلئے چینی حکومت کو خط ارسال کیا تھا۔ چینی حکومت نے خیبر پختونخوا کو سرکاری طور پر آگاہ کیا ہے کہ مغربی روٹ سی پیک کا حصہ نہیں منصوبہ کا صرف مشرقی روٹ ہے بلکہ مغربی روٹ کے بارے میں حکومت پاکستان نے چین کیساتھ کوئی بات ہی نہیں کی ہے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر نے تمام تر صورت حال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ چینی سفیر نے چند روز قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی ہے جس میں انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کو سرکاری طور پر بتایا ہے کہ سی پیک کا کوئی مغربی روٹ نہیں بلکہ جس کو مغربی روٹ قرار دیا جارہا ہے وہ اقتصادی راہداری کا حصہ ہی نہیں، اسد قیصر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے زیر اہتمام کل جماعتی کانفرنس میں قومی قیادت نے فیصلہ کیا تھا کہ مغربی روٹ اقتصادی راہداری کا حصہ ہوگا لیکن بد قسمتی سے وفاقی حکومت نے ابھی چینی حکومت کیساتھ مغربی روٹ کے بارے میں بات تک نہیں کی ہے جو انتہائی تشویشناک بات ہے کیونکہ خیبر پختونخوا میں اقتصادی راہداری کے نام پر6کی بجائے جو4رویہ ہائی وے بن رہی ہے وہ اقتصادی راہداری ہے نہ ہی اس کا کوئی فائدہ ہوگا ، دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت صوبائی وزرا کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب اقتصادی راہداری کے حوالے سے وفاق کی کسی بات پر اعتبار کرنے کی بجائے مغربی روٹ کو اس وقت مانا جائیگا جب چینی حکومت خود مغربی روٹ کا اعلان کرے گی۔